لوگوں کی خدمت کیلئے آیا ہوں،جموں وکشمیر میں چناو نہ ہونا بدقسمتی :غلام نبی آزاد
اُڑان نیوز نیٹ ورک
سری نگر//جموں وکشمیر پروگریسیو آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد نے اتوار کے روز کہا ہے کہ مجھے ایل جی بننے کا کوئی شوق نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت میری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں چناو نہ ہونا بدقسمتی ہے اور لوگ کئی سالوں سے چناو کا انتظار کرتے کرتے اللہ کو پیارے بھی ہو گئے۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر سب کو متحد ہو کر لڑائی لڑنی ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں پچھلے کئی برسوں سے اسمبلی چناو نہیں ہو رہے جو بدقسمتی ہے۔غلام نبی آزاد نے کہا لوگ الیکشن کا انتظار کرتے کرتے تھک گئے ہیں اور یہاں تک کہ کئی داعی اجل کو لبیک بھی کہہ گئے لیکن سرکار کی جانب سے اسمبلی چناو کرانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیا جا رہا۔بے روزگاری کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں نہیں مل رہی جس وجہ سے نوجوانوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری نے اب سنگین رخ اختیار کیا ہے۔کئی میڈیا اداروں کی جانب سے غلام نبی آزاد کو جموں وکشمیر کا اگلا ایل جی بنانے کے بارے میں پروگریسو آزاد پارٹی کے سربراہ نے کہاکہ میں یہاں نوکری کے لئے نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت کرنے کی خاطرآیا ہوں۔انہوں نے کہاکہ اگر مجھے نوکری ہی کرنی تھی تو کشمیر یونیورسٹی سے ایم سی کے بعد بہ آسانی نوکری ملتی لیکن میں نے نوکری کو لات ما رکر سیاست میں قدم رکھا۔آزاد نے کہاکہ آجکل سیاست کاروبار بن گیا ہے ، آئے روز لو گ پیسوں کے عوض ایک پارٹی کو خیر بادکہہ کر دوسری میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اگر انہیں جموں وکشمیر کے لوگوں کا سپورٹ ملا تو یہاں انقلاب آئے گا۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ اگر میری پارٹی میں کسی کو شمولیت اختیار کرنی ہے تو وہ یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہاں قربانی دینی ہے کیونکہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔منشیات کے بارے میں آزاد نے کہاکہ اس کا خاتمہ کرنے کی خاطر سب کو مل کر لڑائی لڑنی ہے۔انہوں نے کہاکہ منشیات کے کاروبار کے ذریعے جن لوگوں نے کروڑوں روپیہ بنائے ہیں انہیں پھانسی پر لٹکانا چاہئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ لوگ نشے کی بنا پر کروڑ پتی بن گئے ہیں لیکن وہ سماج کے قاتل ہیں۔انہوں نے کہاکہ میرا خواب ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی خدمت کرو۔