سری نگر// معاشریسے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں 3 بد نام زمانہ منشیات فروشوں پراین ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بارہمولہ میں تین بدنام زمانہ منشیات فروشوں پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں کو کوٹ بلوال جیل جموں میں بند رکھا گیا ہے۔بیان میں منشیات فروشوں کی شناخت مصدق افضل عرف مسعودی عرف وکی ولد محمد افضل ساکن پامپور پلوامہ، محمد شفیع حجام ولد نذیر احمد ساکن وانی گام بالا اور غلام حسن گنائی ولد غلام رسول گنائی ساکن تری کنجن بونیار کے بطور کی گئی ہے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ مجاز حکام سے اجازت حاصل کرنے کے بعد مذکورہ منشیات فروشوں پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منشیات فروشوں کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور یہ لوگ بارہمولہ، اوڑی ، پٹن، بونیار وغ?یرہ علاقوں میں منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے اور نوجوانوں میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھے۔ان کا کہنا تھا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے باوجود بھی یہ لوگ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے تھے۔قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے دوران ماہ اگست تک 54 انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس/ پی ایس اے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور اس دوران منشیات فروشوں کی 2.1 کروڑ روپیے کی مالیت کی جائیدادیں ضبط کی ہیں جن میں 3 رہائشی مکان، 3 گاڑیاں اور بھاری نقدی رقم شامل ہے۔بارہمولہ پولیس اس سلسلے میں ماہ اگست تک 213 مقدمے درج کئے اور 343 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔