نئی دہلی: امریکی صدر جو بائیڈن آج ہندوستان پہنچنے والے ہیں۔ وہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والی جی-20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے اس کے علاوہ وہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے۔ صدر بننے کے بعد جو بائیڈن کا ہندوستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ان کے ہندوستان آنے سے قبل ہی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
امریکی صدر بائیڈن کا دہلی کے آئی ٹی سی موریا شیرٹن ہوٹل میں قیام کا امکان ہے۔ بزنس ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سیکرٹ سروس کے کمانڈوز ہوٹل کی ہر منزل پر تعینات ہوں گے۔ صدر کو 14ویں منزل پر رکھا جائے گا، جہاں ان کے کمرے تک پہنچنے کے لیے خصوصی لفٹ لگائی گئی ہے۔ رورٹ کے مطابق صدر بائیڈن اور ان کے عملے کی میزبانی کے لیے ہوٹل میں تقریباً 400 کمرے بک کرائے گئے ہیں۔ یہ ہوٹل اس سے قبل امریکی صدور جارج ڈبلیو بش، بل کلنٹن اور بارک اوباما کے علاوہ دیگر سربراہان مملکت کی میزبانی کر چکا ہے۔
غورطلب ہے کہ چھ ممالک کے سربراہان دہلی میں ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔ ان میں روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی شامل ہیں۔ پوتن نے جنوبی افریقہ میں حالیہ برکس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ انہیں اگست میں ترکی کا دورہ کرنا تھا لیکن وہ دورہ بھی آخری وقت میں منسوخ کر دیا گیا۔ پوتن نے 17 مارچ 2023 کے بعد کسی ملک کا دورہ نہیں کیا ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ یوکرین جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی پوتن عالمی سطح پر الگ تھلگ ہو گئے ہیں۔ مغربی ممالک نے روس کے خلاف سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ وہ ہندوستان میں یوکرین جنگ پر بحث سے بچنے کے لیے اس کانفرنس میں بھی شرکت نہیں کر رہے ہیں۔ ہندوستان نے یوکرین کو جی-20 میں مدعو نہیں کیا ہے اور کینیڈا کے وزیر اعظم نے اس پر ناخوشی کا اظہار کیا تھا۔
پوتن نے آخری بار 2019 میں جاپان میں منعقدہ جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ اس کے علاوہ 2020 میں ریاض اور 2021 میں روم میں ہونے والی ملاقاتوں میں بھی ورچوئل طور پر شرکت کی تھی لیکن 2022 میں بالی میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں روسی صدر موجود نہیں تھے۔