یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس کے پارلیمانی گروپ کی یہاں میٹنگ ہوئی جس میں یہ طے پایا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں پارٹی منی پور کے تشدد، ریل سکیورٹی، وفاقی ڈھانچے پر حملہ، مہنگائی، اڈانی گھوٹالہ، چھوٹے تاجروں پر پی ایم ایل اے کا نفاذ جیسے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر اُٹھائے گی۔کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ میٹنگ کے بعد پارٹی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں 20 جولائی سے شروع ہونے والے مانسون اجلاس میں جو بل پیش کیے جائیں گے اور پارٹی ایوان میں جن مسائل کو اٹھائے گی ان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اس اجلاس میں پانچ سے چھ اہم مسائل پر بحث کا مطالبہ کرے گی۔ اجلاس کے آغاز میں منی پور کے تشدد پر بحث کی جائے گی۔ پارٹی اس پر قائم ہے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اس مسئلہ پر بحث ہونی چاہئے اور منی پور میں تشدد کے سلسلے میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں مسٹر مودی کو پارلیمنٹ میں جواب دینا چاہئے۔مسٹر جے رام رمیش نے حکومت پر ریل کی حفاظت سے سمجھوتہ کرنے کا الزام لگایا اور بالاسور ٹرین حادثہ کو بدقسمتی کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جی ایس ٹی کو پی ایم ایل اے کے تحت لانے پر بحث کا بھی مطالبہ کرے گی۔ پہلی بار PMLA کا نفاذ چھوٹے تاجروں پر بھی ہوگا۔ مودی حکومت نے بغیر کسی بحث کے اور بغیر کسی اطلاع کے یہ فیصلہ من مانی طور پر کیا ہے، اس لیے اس پر بھی بات ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ریاستی حکومتوں پر حملے کر رہے ہیں اور آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آئینی اداروں کی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے۔ پارٹی وفاقی ڈھانچے پر حملے پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کرے گی۔ اس کے ساتھ وہ پارلیمنٹ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا معاملہ بھی اٹھائے گی۔