نیوزڈیسک+امیر الدین زرگر
بانہال+سرنکوٹ//وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔حکام نے رام بن کے ڈھلواس علاقے میں مرمتی کام کے پیش نظر سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کو دونوں طرف ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی تھی۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح دونوں طرف چھوٹی گاڑیوں کی نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر دوپہر دو بجے کے بعد بڑی گاڑیوں کو سری نگر سے جموں کی طرف روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔شاہراہ پر سفر کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ حکام کے ساتھ تعاون کرکے قطاروں میں چلیں تاکہ کسی قسم کا ٹریفک جام یا دیگر متعلقہ مشکلات پیدا نہ ہوسکیں۔ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے ۔31 مئی کو رتہ چھم کے مقام پر بھاری پسی گرآئی تھی جس کے بعد مسلسل مغل شاہراہ بند ہے ۔موسم کی خرابی کی وجہ سے پچھلے دو دن کوئی بھی کام نہیں ہو سکا تاہم 2 جون کو پسی کو ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔دوران ایگزیکٹو انجینئر مغل روڈ معہ دیگر عملہ اور ایس ٹریفک بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر موجود رہے ۔حکام کے مطابق اگر موسم سازگار رہا تو دونوں طرف سے مشینیں کام پر لگائی جائیں گی ۔اُمید ہے کہ تین سے چار روز میں شاہراہ کو ٹریفک آمدورفت کے لیے بحال کیا جا سکتا ہے ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ پسی کا علاقہ دو سو میٹر لمبا ہے اور دو سو میٹر اس کی اونچائی ہے مشین جب ایک باکٹ ملبہ اٹھاتی ہے تو اوپر سے دس باکٹ ملبہ پھر گرتا ہے جس کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ دریں اثناء لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والے سری نگر- سونہ مرگ- گمری روڈ پر ملبہ ہٹانے کے بعد ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے۔