ضلع ترقیاتی پونچھ کی صدارت میں محکمہ دیہی ترقی کا جائزہ اجلاس

منریگا، پی ایم اے وائی ،سوچھ بھارت مشن کی زمینی سطح پر عمل آوری پرزور
جے بی سنگھ
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین محمد چوہدری نے محکمہ دیہی ترقی کے کام کاج کا جائزہ لینے کی غرض سے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکمہ کے تحت مختلف اسکیموں کی پیشرفت پر توجہ مرکوز کی گئی اور ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے بروقت عمل درآمد اور کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر شیراز الحق نے ضلع میں محکمہ دیہی ترقیات کی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا، جس دوران منریگا اسکیم کے تعلق سے، ضلع کمشنر نے محکمہ دیہی ترقیات کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ بروقت منصوبے پیش کریں اور ترجیحی بنیادوں پر کاموں کو مکمل کریں۔ ضلع کمشنر نے مزید بے روزگار نوجوانوں کو غیر ہنر مند ملازمتوں کی اسکیم کے تحت شامل کرنے کی ہدایت کی اور بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر پائیدار اثاثے بنانے کے لئے منریگا کو دیگر اسکیموں کے ساتھ ملانے پر زور دیا گیا، اور آدھار سیڈنگ اور آدھار پر مبنی ادائیگی کے نظام ‘اے بی پی ایس’ کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ پی ایم اے وائی اسکیم سے متعلق موصوف نے ہدایت دی کہ سب سے زیادہ مستحق استفادہ کنندگان کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔ ضلع کمشنر نے “پردھان منتری” کی طرف سے شروع ہونے والی اسکیموں کو اولین ترجیح دینے پر بھی زور دیا کیونکہ وہ حکومت ہند کے وڑن کی عکاسی کرتی ہیں۔ سوچھ بھارت مشن کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں مائع فضلہ کے انتظام کے لئے لیکوڈ گڑھے، ٹھوس فضلہ کے انتظام کے لئے کمپوسٹ گڑھے اور کھلے میں رفع حاجت کے لئے آئی ایچ ایچ ایل اکائیوں کی تکمیل پر توجہ دی۔ ضلع کمشنر، ایڈیشنل ضلع کمشنر اور تمام بلاک ڈویلپمنٹ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اے کے اے ایم کے ایک حصے کے طور پر ایک ہفتے میں کم از کم دو یا تین سرگرمیاں دکھائیں۔ اس موقع پر محکمہ دیہی ترقیات کے افسران اور اہلکاروں کو پنچایت سطح پر ٹھیکیداروں کی رجسٹریشن کرنے اور کاموں کو بروقت انجام دینے کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ مزید ہدایت کی گئی کہ محکمہ دیہی ترقیات کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیموں میں ہر مستحق استفادہ کنندہ کو شامل کیا جائے۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر پونچھ شیراز الحق، اسسٹنٹ کمشنر ڈولپمنٹ عابد حسین شاہ، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت نعیم النساء بھٹی، ڈی پی او ایکزیکیوٹیو انجینئرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، اور تمام بلاک ڈویلپمنٹ افسران اور محکمہ دیہی ترقیات کے دیگر افسران نے شرکت کی۔