تھنہ منڈی میں پانی کے تیز بہاؤ میں ایک گھوڑا بہہ گیا

طوفانی بارشوں سے فصلوں کا بھاری نقصان
نثار خان
تھنہ منڈی//بدھ کے روز دوپہر کو اچانک ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں سب ڈویڑن تھانہ منڈی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں زمینوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ شدید بارش کے بعد آئی طغیانی کی وجہ سے لوگوں کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز دوپہر کے وقت اچانک بارش شروع ہوگئی جس کی وجہ سے ندی نالوں اور دریائوں میں پانی کی سطح مسلسل بڑھنے لگی۔ اس دوران اطلاع ملی کہ تھنہ منڈی کے چھڑونگ علاقے کے رہائشی سفیر شاہ ولد رسول شاہ اپنے آپ نے تین گھوڑوں کے ہمراہ دریا سے بجری نکال رہا تھا کہ اچانک سیلاب کی زد میں آگیا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے سفیر شاہ اور اس کے دو گھوڑوں کو بچا لیا گیا البتہ عینی شاہدین نے بتایا کہ کہ اس کا تیسرا گھوڑا پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ چھڑونگ پل کے مقام پر محکمہ ایریگیشن کی جانب سے تعمیر کیا گیا باندھ اور سینچائی کے لیے بنائی گئی کوہل پر غیر معیاری کام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو ہر وقت خطرہ لاحق ہے۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ اس پل کے ساتھ لگنے والی زمینوں کے آگے باندھ کو مضبوط کیا جائے اور سینچائی کے لیے جانے والی نہر کو مضبوط کیا جائے اور یہاں پانی کا گیٹ لگایا جائے تاکہ لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لوگ نے مزید کہا کہ سفیر شاہ ایک غریب شخص ہے جو محنت مزدوری کے بل بوتے پر گھر کے اخراجات پورے کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے اس کا گھوڑا دریا میں بہہ گیا ہے۔ انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون سے مطالبہ کیا کہ وہ اس علاقے میں خصوصی ٹیمیں بھیجیں جو یہاں پر ہوئے نقصان کا تخمینہ لگاکر تفصیلی رپورٹ جمع کروائیں تاکہ کہ لوگوں کو معقول معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔ اس دوران پولیس انتظامیہ کی جانب سے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اچانک تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کا امکان ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگ دریاؤں کا رْخ نہ کریں اور اپنے جانوروں اور بچوں کو بھی دریاؤں کے پاس نہ لے جائیں۔