محمد یونس کی دوران ڈیوٹی کرنٹ لگنے سے موت

ایف آئی آر درج، محکمانہ انکوائری کی گذارش
جے بی سنگھ
پونچھ//ضلع مجسٹریٹ پونچھ نے منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل جموں کے نام ایک مکتوب میں اُنہیں ہدایت کی ہے کہ الیکٹرک ڈویژن (جے پی ڈی سی ایل)پونچھ کے ملازم محمد یونس ولد محمد بشیر کی دوران ڈیوٹی کرنٹ لگنے سے ہوئی موت کی محکمانہ انکوائری کرائی جائے۔ اس ضمن میں جاری ایک لیٹرنمبرDCP/PA/451-55میں کہاگیا ہے کہ 21مئی 2023کو سیکلو بائیلہ میں دوران ڈیوٹی کرنٹ لگنے سے محمد یونس کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔ متوفی کے اہل خانہ کو ریڈکراس سے انسانی بنیاد پر 25ہزار روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے۔ مالی حالت خستہ ہونے اور مفلس سے دو چار اس کنبہ کو جے پی ڈی سی ایل کی طرف سے زیادہ سے زیادہ مالی تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ انہوں نے واحد کفیل کھو دیا۔ ضلع انتظامیہ نے افراد خانہ کو محکمانہ انکوائری کی تحریری یقین دہانی دی ہے اور کہاکہ اُن کو جلد سے جلد بیمہ /معاوضہ بھی دلایاجائے گا۔ اس کے علاوہ ایگزیکٹیو انجینئر جے پی ڈی سی ایل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معاوضہ/انشورینس کلیم ایک ہفتہ کے اندر بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے منیجنگ ڈائریکٹر سے اس معاملہ میں محکمانہ انکوائرکرانے کی گذارش کرتے ہوئے کہاکہ اِس معاملہ میں پہلے ہی متعلقہ پولیس تھانہ میں ایف آئی آر بھی درج کر دی گئی ہے۔