یو ٹی کے باہر امتحانی مراکز قائم کرنا تشویش ناک

محمد اصغر بٹ

ڈوڈہ//خطہ چناب کے معروف سماجی کارکن اور ڈوڈہ ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدر اشتیاق احمد دیو نے سنٹرل یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ (سی یو ای ٹی) کے مراکز جموں و کشمیر سے باہر واقع ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں دیو نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اپیل کی۔اور مطالبہ کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے اندر اْن اضلاع میں امتحانی مراکز قائم کئے جائیں جہاں سے  امیدواروں کا تعلق ہے۔اشیاق دیو نے ضلع یا تحصیل کی سطح پر مقامی طور پر ٹیسٹ منعقد کرنے کے لیے کوئی انتظام کیے بغیر، جموں و کشمیر کے طلباء کے لیے ریاست  سے باہر مراکز مختص کرنے کے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے فیصلے پر حیرت اور عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے مالی طور پر پسماندہ طلباء کو امتحان دینے کے لیے ریاست سے  باہر سفر کرنے کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ دیو نے امیدواروں کے بہترین مفاد میں اس غیر منطقی فیصلے کو تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔کیونکہ امیدواروں  نے فارم بھرتے  وقت جموں و کشمیر سے باہر مراکز کا انتخاب نہیں کیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس سنگین مسائل پر زور دیتے ہوئے، دیو نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ایجنسی اس مسئلہ پر دوبارہ غور کرے گی اور خواہشمندوں کی سہولت کے لیے جموں و کشمیر میں کافی تعداد میں مراکز قائم کرے گی۔