پی جی کالج راجوری میں حیاتیاتی

تنوع کابین الاقوامی دن منایاگیا
اُڑان نیوز
راجوری//پی جی کالج راجوری نے پیر کے روز یہاں آزادی کا امرت مہوتسوا اور جی 20 کے زیراہتمام حیاتیاتی تنوع کا بین الاقوامی دن منایا۔اس موقع پر’معاہدے سے عمل تک: بائیو ڈائیورسٹی کی تعمیر‘ موضوع پر ایک سیمینار کم کوئز کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج کے پرنسپل پروفیسر شمیم احمد آزاد مہمان خصوصی تھے۔ انہوںنے طلباء اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست رویے کو اپناتے ہوئے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی بحالی میں فعال کھلاڑی بنیں۔ انہوں نے اس مناسب اقدام کو شروع کرنے پر نباتیات کے شعبہ کی تعریف کی اور نوجوانوں اور طلباء میں مقامی سطح پر حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنے کے لیے اس طرح کے مزید پروگراموں کی امید ظاہر کی۔صدر شعبہ بوٹنی پروفیسر غلام عباس نے پروگرام کے بارے میں حاضرین کا تعارف کرایا اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر شمیم اختر، ہیڈ شعبہ زولوجی اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔اس موقع پر شعبہ نباتیات سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اسحاق ملک مقرر ِ خاص تھے جنہوں نے بائیو ڈائیورسٹی: نقصانات، خطرات اور کنزرویشن اپروچز جو کہ کنمنگ-مونٹریال گلوبل بائیو ڈائیورسٹی فریم ورک کے مطابق اسے SDGs، G20 کے ساتھ مربوط کرتے ہوئے حیاتیاتی تنوع کو واپس بنانے کے لیے درکار وڑن لائف اور گرین ڈیولپمنٹ، روایت، اور ماحول دوست ثقافتی طریقے پر تفصیلی گفتگو کی۔ بعد ازاں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے مختلف پہلوؤں پر ایک فوری کوئز کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں جیتنے والوں کو ادبی تحائف دیے گئے۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر آسیہ رشید بھٹ نے چلائی جبکہ پروفیسر منظور احمد ڈار نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر بوٹینیکل اسٹڈیز کرنے والے طلباء اور شعبہ باٹنی کے عملہ بشمول محمد بشیر، مشتاق احمد، محمد فاروق اور عبدالرحیم بھی موجود تھے۔