نیا مالٹی دیگوار پل مرمت کا منتظر

عوام کو مشکلات کا سامنا، انتظامیہ توجہ دے
جے بی سنگھ
پونچھ//نیا دیگوار مالٹی پل تاحال مرمت کا منتظر ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے گذارش کی ہے کہ بیتاڑ نالہ پر نئے افتتاح شدہ پل کو جوڑنے والی اپروچ سڑک کے 800 میٹر حصہ کو مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام پنچایتوں کے عوام اور خاص طور پر انڈین آرمی کو اس اپروچ سڑک اور پل سے فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک متعلقہ پنچایتوں کے سرپنچوں کی طرف سے کئی ڈیپوٹیشن اور میمورنڈم پیش کئے گئے ہیں، مگر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر چند ماہ قبل سرپنچ دیگوار ملدیالاں بھوپندر سنگھ اور دیگر افراد نے ضلع انتظامیہ کو ایک مسودہ پیش کیا تھا، جس پر اس وقت کے ضلع کمشنر اندر جیت کمار نے متعلقہ سی ای او سے اسٹیٹس/ تجویز مانگی لیکن سب بے سود رہی۔ ایڈوکیٹ بھانو پرتاپ نے اپیل کی کہ اس مین روڈ اور پل کو مکمل طور پر ملانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ ان سرحدی دیہات کے عوام کو ضلع ترقیاتی کمشنر سے بہت سی اُمیدیں وابستہ ہیں۔