لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں انتظامی کونسل کا اجلاس

نئے ضلع کورٹ کمپلیکس بانڈی پورہ کی تعمیر اورٹرانسپورٹ نگر پارم پورہ کی تجدیدکو منظور ی
نیوزڈیسک
سرینگر//اِنتظامی کونسل کی کل ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ٹرانسپورٹ نگر پارم پورہ سری نگر کی اَپ گریڈیشن و رِی ویمپنگ کو منظور ی دی جس کی تخمینہ لاگت 31.58 کروڑ روپے ہے۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری مندیپ کمار بھنڈاری نے شرکت کی۔منصوبے کے اجزأ میں روڈ نیٹ ورک، سیوریج اور ڈرنیج نیٹ ورک اور بجلی نیٹ ورک شامل ہے جس کی لاگت 30 کروڑ روپے ہے ۔اِس میں پارکس ، گرین سپیسز اور کنٹی جنٹس کی ترقی کیلئے 1.58 کروڑ روپے کی کنسلٹنسی بھی شامل ہے۔
اِس پروجیکٹ کا مقصد سری نگر شہر کی بھیڑ کو کم کرنے اور تمام ٹرانسپورٹ ایجنسیوں کو شہر سے باہر ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔یہ اِس اہم کاروباری مرکز میں روڈ نیٹ ورک اور دیگر سہولیات کے لحاظ سے مناسب سہولیات کو یقینی بنانے کا بھی تصور کرتا ہے ۔یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد تقریباً76ٹرانسپورٹ ایجنسیوں کو فائدہ پہنچائے گا۔اِس کے علاوہ مختلف ٹریڈ میں کام کرنے والے لوگوں اور تاجروں کی روزی روٹی فراہم کرے گا۔
اِنتظامی کونسل نے عام لوگوں کے قانونی خدشات اور ضلع کے بڑھتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کے معاملات اور عدالتی کام کے بوجھ کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے مقصد سے ایک اہم فیصلے میں بانڈی پورہ میں نئے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کو منظور ی دی۔اِس پروجیکٹ کو مرکز معاونت والی سکیم ’’ عدلیہ کے لئے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کی ترقی ‘‘ کے تحت فنڈ دینے پر غور کیا گیا ہے اور اس پروجیکٹ پر 35.12 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔نئے کورٹ کمپلیکس میں تین منزل عدالت کی عمارت ، وکلاء چیمبر وں کی تعمیر او رڈسٹرکٹ کورٹ کے معزز ججوں کے لئے رہائشی کوارٹروں اوردیگر دوسرے بنیادی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔