سرینگرکاسیکورٹی منظرنامہ اورمعمول کی عوامی نقل وحمل ،بازارکھلے

SRINAGAR, MAY 22 (UNI)Security forces blocked the road at Nehru park leading it to Sher-e-Kashmir International Conventional Complex where the third G20 Tourism Working Group meeting is began in Srinagar on Monday. UNI PHOTO-49U

بلیوارڈ روڈ 3 دنوں کیلئے علاقہ ممنوع قرار
جے کے این ایس
سرینگر//22سے24مئی تک سری نگرمیں واقع مشہور زمانہ قدرتی آبگاہ جھیل ڈل کے کنارے اورزبرون پہاڑی کے دامن میں واقع شیرکشمیر انٹرنیشنل کنوونشن سینٹرSKICCمیں منعقد ہونے والی تیسری تین روزہ جی20ٹورازم ورکنگ گروپ کی میٹنگ کے پیش نظر گرمائی دارالحکومت سری نگرمیں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔اہم راستوں اورحساس مقامات وعلاقوںمیں جموں وکشمیر پولیس اور مرکزی پولیس فورس یعنی سی آرپی ایف کے اضافی دستوںکو تعینات کیا گیاہے اورساتھ ہی جھیل ڈل کے اندر میرین اور این ایس جی کمانڈوز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے نیز زبرون پہاڑپر فوج نے اپنی نفری بٹھا دی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے کہا کہ تین روزہ جی20ٹورازم ورکنگ گروپ کی میٹنگ کے بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ایس کے آئی سی سی کے ارد گرد بلیوارڈ روڈ کو 3 دنوں کیلئے نو گو زون یعنی عام شہریوں کیلئے ممنوعہ علاقہ بنا دیا گیا ہے، وہاں مندوبین کے لئے جانے والے راستے اور ایئرپورٹ روڈ سے ڈلگیٹ تک بڑے پیمانے پرجموں وکشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسزکے اضافی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔حکام نے کہاکہ جھیل ڈل کے اندر میرین اور این ایس جی کمانڈوز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے،جو تین روز تک یہاں گشت کرتے رہیں گے۔حکام نے کہا کہ پوری وادی میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے جس میں ایلیٹ این ایس جی اور میرین کمانڈوز نے پولیس اور نیم فوجی دستوں کو ایونٹ کے مقامات کو محفوظ بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔صفائی ستھرائی اور علاقے کے تسلط کی مشقیں مقامات کے اندر اور آس پاس، راستے کے ساتھ اور شہر کے حساس مقامات پر کی گئی ہیں۔ حکام نے مزید کہا کہ کسی بھی دھماکہ خیز مواد یا آئی ای ڈی کی جانچ کرنے کیلئے اسکینرز اور سونگھنے والے کتوں کو کام میں لگا دیا گیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ شہر سری نگرسے گزرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ و جانچ کی جارہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی تخریبی عناصر شہر میں داخل ہونے میں کامیاب نہ ہوں۔جموں و کشمیر پولیس نے میٹنگ کے مقام اور مہمانوں کیلئے رہائش کی سہولیات کو مدنظر رکھنے ہوئے زبرون رینج کے اونچے حصے کا احاطہ کرنے کیلئے فوج کی مدد حاصل کی ہے۔حکام نے مزید کہاکہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کی تیس کمپنیاں، جنہیں پہلے جموں و کشمیر سے ملک کے باقی حصوں میں انتخابی ڈیوٹی کیلئے لے جایا گیا تھا، اس کے بعد وادی میں سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے واپس بلایا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ این ایس جی کے انسداد ڈرون یونٹ کو اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام میں لگا دیا گیا ہے کہ کوئی ناپسندیدہ فضائی دخل اندازی نہ ہو۔حکام کے مطابق شہر یا کسی اور جگہ لوگوں کی نقل و حرکت یا پبلک ٹرانسپورٹ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔تاہم بلیو وارڈ روڈ سے عام دنوںمیں آنے جانے والوں کو تین دنوں کیلئے متبادل راستے اپنانے کوکہاگیاہے ،جن کی نشاندہی ٹریفک پولیس محکمہ نے پہلے ہی کی ہے ۔اس دوران شہر سری نگر بشمول سیول لائنز میں معمول کی عوامی نقل وحمل اورکاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہیں ۔حکام کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں دکانیں اور کاروباری ادارے کھلے ہیں اور معمولات زندگی بالکل نارمل ہے۔انہوںنے کہاکہ پورے کشمیرمیں تعلیمی ادارے بھی کھلے ہیں ،تاہم سری نگرکے کچھ حساس علاقوںمیں منتظمین نے کچھ اسکولوںکو تین روزکیلئے بندرکھنے کاخودفیصلہ لیاہے ۔