سنگلدان پنچایت نمائندگان ڈپٹی کمشنر رام بن سے نالاں

ڈھائی برسوں میں ایک بھی پبلک دربار کا انعقاد ،نہ ہی پنچایت نمائندگان کیساتھ کوئی میٹنگ
ایم شفیع میر
گول/پنچایت نمائندگان بلاک سنگلدان نے ایک ہنگامی میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں نمائندگان نے میڈیا نمائندوں کیساتھ بات کرتے ہوئے کہ ضلع انتظامیہ بالخصوص ڈی سی رام بن جان بوجھ کر بلاک سنگلدان کو نظر انداز کر رہے ہیں، پنچایت نمائندگان کا کہنا تھا کہ پچھلے ڈھائی برسوں سے ڈی سی موصوف نے ایک بھی پبلک دربار سنگلدان میں نہیں کیا جبکہ اتنے عرصہ میں پنچایت نمائندگان کیساتھ ڈی سی موصوف نے ایک آدھ میٹنگ بھی نہیں کی- پنچایت نمائندگان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بے تحاشہ مشکلات کا سامنا ہے اور ہم نے بار ہا لوگوں کے مسائل ضلع انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن ہماری کوشش رائیگاں ہوتی ہیں۔ کیونکہ ڈی سی موصوف کو سنگلدان بلاک کے مسائل سننے کیلئے ڈھائی برسوں میں ایک لمحہ بھی وقت میسر نہیں ہوا۔پنچایت نمائندگان نے ایک دفعہ پھر ڈی سی رام بن سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر سنگلدان بلاک میں ایک پبلک دربار منعقد کیا جائے تاکہ لوگ براہِ راست موصوف کو اپنے مسائل سے آگاہ کرپائیں ۔