پولیس نے چرالہ اور بھدراہ کے جنگلات میں بھاری مقدار میں سبز دیودار کی لکڑی کو ضبط کیا

محمد اصغربٹ
ڈوڈہ//ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ڈوڈہ پولیس نے ضلع میں خصوصی مہم شروع کی ہے۔اس دوران پولیس نے ٹھاٹھری اور بھدرواہ کے جنگلاتی علاقے میں غیر قانونی لکڑی کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے علاوہ لکڑی کے اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز پولیس تھانہ ٹھاٹھری میں کچھ نامعلوم لکڑی اسمگلروں نے چرالہ ٹھاٹھری کے جنگلاتی علاقے میں میکینکل کٹر کے ذریعے سبز دیودار کے درختوں کی بے دریغ کٹائی کرکے لکڑی کو جنگل میں ہی چھوڑ دیا ہے۔ اس اطلاع کے فوراً بعد پولیس حرکت میں آگئی اور ایس ایچ او ٹھاٹھری انسپکٹر امرت کٹوچ کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور کاٹے گئے دیودار کے درختوں کو قبضے میں لے لیا۔ اس سلسلے میں مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 40/2023 پولیس اسٹیشن ٹھاٹھری میں درج کر کے مقدمہ کی تفتیش شروع کر دی گئی۔
اس سے قبل ڈوڈہ پولیس نے رواں سال کے دوران تھانہ ٹھاٹھری میں تین ایف آئی آر اور تھانہ بھدرواہ میں دو ایف آئی آر درج کی ہیں جن میں نو لکڑی کے اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور بھاری مقدار میں غیر قانونی لکڑی ضبط کی گئی ساتھ ہی ایک گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ پولیس نے دیسہ، چرالہ ،ٹھاٹھری، گندوہ، بھدرواہ، گندنہ، بگلہ بھرت ، مرمت کے علاقوں میں لکڑی کے اسمگلروں کے خلاف پولیس اسٹیشن کی سطح پر خصوصی مہم شروع کی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی جنگلات کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اْس کی اطلاع پولیس کو دیں، اطلاع دینے والے کی شناخت کو خفیہ رکھا جائے گا۔