پنشنروں کی جانچ پڑتال کا کام ہنوز جاری عمر رسیدہ، بیوائیں اور معذورافراد کوکئی ماہ سے پنشن نہیں ملی

جے بی سنگھ
پونچھ//محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے مختلف زمروں میں دی جانے والی پنشن کے لئے ہنوز کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے ۔
پچھلے کئی ماہ اکثر جانچ پڑتال کے اس عمل سے عمرسیدہ افراد، بیواؤں، معذوروں کو پنشن نہ ملی ہے جس سے وہ سخت پریشان حال ہیں۔پونچھ ضلع میں ہزاروں کی تعداد میں ایسے پنشنرز ہیں جن کاچولہا اِس قلیل سی ماہانہ پنشن پر چلتا ہے جس سے وہ راشن اور کچھ ضروری سامان خرید لیتے ہی لیکن یہ عمل بھی بند ہوگیا ہے۔
کئی معذور پنشنر زروزانہ سوشل ویلفیئر دفاتر کا چکرلگاتے ہیں اور مایوسی پر واپس لوٹ جانا پڑتا ہے۔ متعدد معذوروں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے جانچ پڑتال کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے، جن کی ویریفیکیشن ہو چکی ہیں اُن کو کیوں اس بات پر مجبور کیا جا رہا ہے کہ انکو پنشن نہیں دی جا رہی ہے۔
وقار چوہدری نے کہاکہ جن کے لوازمات مکمل ہیں، کو ماہانہ پنشن دی جانی چاہئے۔ پنشنروں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ اِس مسئلہ کو حل کیاجائے۔اُنہوں نے امیدظاہر کی ہے کہ نو تعینات ڈی سی پونچھ اُن کے اس مسئلہ پر ہمدردانہ غور کریں گے۔