سنگلدان پنچایت نمائندگان و عوام کا احتجاج بی ڈی او سنگلدان کے اضافی چارج پر برہم، مستقل تعیناتی کا مطالبہ

گول/سنگلدان بلاک میں عرصہ دراز سے بی ڈی او کی آسامی خالی ہونے کی وجہ سے یہاں لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے پیش نظر گزشتہ روز پنچایت نمائندگان اور عوام نے مل کر احتجاج کیا اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اضافی چارج کیساتھ بی ڈی او کی تعیناتی بالکل بھی قبول نہیں ہے بلکہ سنگلدان میں بی ڈی او کی مستقل تعیناتی انتہائی ناگزیر ہے۔
ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ بلاک دفتر سنگلدا ن میں عرصہ دراز سے بی ڈی او تعینات نہیں ہے جبکہ ایک ہی بی ڈی او کو چارج دیاگیا جو دو جگہو ں پرتعینات ہے جس وجہ سے یہاں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ دیگر منسلک اداروں اور پی آر آئیزکوشدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکار نے اب بی ڈی اوز کو تاریخ پیدائش اسناد کی اجرائی کا چارج بھی دیا ہے جس کے لئے بی ڈی اوکی مستقل تعیناتی لازمی ہے تا کہ لوگ پریشان نہ ہوں۔
پنچایت نمائندگان کا کہنا ہے کہ سب ڈویژن گول میں سب سے زیادہ سنگلدان بلاک میں پنچایتیںہیں یہاں پر تیرہ پنچایتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے بی ڈی او کو گاندھری کا چارج بھی دیا گیا جس وجہ سے وہ بلاک کو چلا نہیں پا رہاہے یہی وجہ ہے کہ بلاک سنگلدان کی عوام کیساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام کام التواء میں پڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ ہمیشہ سے نا انصافی کی جا رہی ہے جسے کسی بھی صورت میںبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندراندربلاک سنگلدان میں بی ڈی او کی مستقل تعیناتی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو ہم سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہوجائیں گے۔