ضلع روزگار مرکز پونچھ میں روزگار میلہ 280نوجوانوں کو مختلف کمپنیوں نے شارٹ لسٹ کیا

جے بی سنگھ
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ضلع روزگار ورہبری مرکزپونچھ میں روزگارمیلے کا افتتاح کیا، جس میں ضلع بھر سے نوجوانوں بالخصوص ملازمت کے خواہشمندنوجوانوں نے حصہ لیا۔تقریب میں11 نجی کمپنیاں/ایجنسیاں، بشمول ماروتی سوزوکی، ایس بی آئی لائف، لائف انشورنس کارپوریشن، انفوٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر نے مذکورہ جاب فیئر میں حصہ لیا اور مختلف آسامیوں کے لئے 280 سے زیادہ امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا۔
تقریباً 600 اُمیدواروں نے ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر پونچھ کے زیر اہتمام جاب فیئر میں حصہ لیا۔ محمد رفیق ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ سنٹر پونچھ نے مذکورہ جاب فیئر کے اغراض و مقاصد اور محکمہ کی دیگر ڈیلیوریبلز/سرگرمیوں جیسے رجسٹریشن، بے روزگار نوجوانوں کا سروے اور مشن کی مختلف خود روزگار اسکیموں کے نفاذ کے بارے میں ضلع ترقیاتی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر موصوف نے روزگار سے متعلق مختلف مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے جے کے ایمپلائمنٹ پورٹل (jakemp.nic.in) اور این سی ایس پورٹل (ncs.gov.in) پر بے روزگار نوجوانوں کی رجسٹریشن پر زور دیا۔ ڈ ی سی پونچھ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کی تقریبات میں شرکت کریں اور فوائد حاصل کریں۔
انہوں نے نوجوانوں کی بہتری کے لئے اس طرح کے اقدامات شروع کرنے پر محکمہ کی تعریف کی اور محکمہ کو اس طرح کی تقریبات کا باقاعدگی سے انعقاد کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر اے ڈی ڈی سی ملک زادہ شیراز الحق، لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر آشوتوش کول، ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر جے کے ای ڈی آئی عظمت حسین، پروفیسر فتح محمد عباسی، پروفیسر مرتضیٰ احمد، ڈاکٹر محمد اشفاق کارڈی نیٹر کیرئیر کاؤنسلنگ سنٹرڈگری کالج پونچھ، مینڈھراور سورنکوٹ کے علاوہ مختلف ایجنسیوں کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔