اننت ناگ میں تصادم، سیکورٹی فورسز نے ایک کمین گاہ کو کیا تباہ، ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری

یو این آئی
سری نگر// جنوبی ضلع اننت ناگ کے ساگام کوکر ناگ علاقے میں تصادم کی جگہ سیکورٹی فورسز نے ایک کمین گاہ کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بتادیں کہ اتوار اعلیٰ الصبح ساگام کوکر ناگ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ساگام کوکر ناگ میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار اعلیٰ الصبح علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہاکہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ان کے مطابق پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کی اضافی کمک کو طلب کرکے علاقے کو پوری طرح سے محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستے سیل کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ ملی ٹینٹوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ گولیوں کا تبادلہ تھم گیا ہے اور ملی ٹینٹوں کی تلاش ہنوز جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔