محمد اصغر بٹ
ڈوڈہ // ضلع ڈوڈہ میں پولیس کی طرف سے جاری منشیات مخالف مہم کے دوران ضلع کے گوہا مرمت اور بھالہ میں غیر قانونی پوست کی فصل کو تباہ کیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈوڈہ پولیس نے پوست کی فصل کی غیر قانونی کاشت کو روکنے اور تباہ کرنے کے لیے ایک خصوصی مہم شروع کی ہے ۔ پولیس نے کاشتکاروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی ہے۔
قابل اعتماد ذرائع سے پولیس کو اطلاع ملی کہ تحصیل بھالہ کے گاؤں بھستی میں کچھ مقامی لوگوں نے اپنی زمین میں پوست کی فصل کاشت کی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آگئی اور پولیس چوکی بھالہ کی پولیس ٹیم انچارج پولیس چوکی بھالہ کی قیادت میں موقع پر پہنچ گئی اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس بھالہ اور دیگر افسران کی موجودگی میں پوست کی غیر قانونی طور پر اگائی گئی فصل کو تلف کر دیا۔
اس سلسلے میں متعلقہ دفعہ کے تحت ایف آئی آر نمبر 59/2023 تھانہ بھدرواہ میں درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔دریں اثناء پولیس نے گوہا مرمت کے راچو گاؤں میں پوست کی کاشت کی اطلاع ملنے پر کاروائی کرتے ہوئے ایگزیکیٹو فرسٹ کلاس کی موجودگی میں فصل کو بتاہ کر دیا۔
اس ضمن میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 106/2023 پولیس تھانہ ڈوڈہ میں درج کی گئی ہے۔ڈوڈہ پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں نظر رکھیں اور غیر قانونی، ممنوعہ کاشت کی معلومات پولیس کو فراہم کریں۔ تاکہ کاشتکاروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جاسکے اور فصلوں کو تباہ کیا جاسکے۔