جے کے سی سی اور ایس کے آئی سی سی میں شامل کرنے کا فیصلہ
نیوزڈیسک
سرینگر//اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ کل یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ہوٹل کارپوریشن آف اِنڈیا لمٹیڈ ( ایچ سی آئی ایل ) کے سنتور لیک ویو ہوٹل سری نگر میں کام کرنے والے 145 ملازمین کو محکمہ سیاحت کے مختلف کارپوریشنوں میں شامل کرنے کومنظور ی دی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری نے شرکت کی۔
یہ فیصلہ کمیٹی کی سفارشات پر لیا گیا کہ ہوٹل کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ کے موجودہ عملے کو شرائط و ضوابط پر جموں و کشمیر یوٹی میں ضم کیا جائے گاجبکہ اس مدت میں ملازمین کے ریٹائرمنٹ گریجویٹی اور دیگر فوائد کی ادائیگی ایچ سی آئی برداشت کرے گی جس مد ت کے دوران ان ملازمین نے ایچ سی آئی کے ساتھ کام کیا تھا۔ہوٹل کارپوریشن آف اِنڈیا کے پاس یکم مئی 2023ء تک سنتور لیک ویو ہوٹل کے 145 مستقل ملازمین ہیں جو جموںوکشمیر ٹوراِزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ، جموںوکشمیر کیبل کارکارپوریشن لمٹیڈ اور شیرِ کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر سر ی نگر میں موجودہ شرائط وضوابط پر کام کریں گے ۔ ان کی ضروریات اور صلاحیت محکمہ سیاحت طے کرے گا۔