یو این آئی
گاندربل //وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقہ میں واقع مشہور ماتا کھیر بھوانی مندر میں سالانہ ’میلہ کھیر بھوانی’ کی تقریبات کے پیش نظر ٹریفک پولیس رورل کشمیر نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔بتادیں کہ سالانہ میلہ کھیربھوانی 28 مئی یعنی اتوار کے روز منایا جائے گا۔سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس رورل کشمیر رویندر پال سنگھ نے اس سلسلے میں ایک ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا: ‘ماتا کھیر بھوانی مندر میں شری جیشتا اشٹمی (میلہ کھیر بھوانی) کے جشن کے دوران ٹریفک کی پریشانی سے پاک نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لئے تولہ مولہ جانے والی تمام گاڑیاں 26 سے 29 مئی تک درجہ ذیل راستے اختیار کریں گی’۔ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق سری نگر سے آنے والی گاڑیاں پنڈچھ – بیہامہ -توحید چوک – دھمبہ کدل – پولیس لائنز – تولہ مولہ (ماتا کھیر بھوانی) – سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر جنرل پارکنگ کو اپنائیں گی جبکہ روانگی سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر جنرل پارکنگ – بارسو ڈانگر پورہ – تھیرو – دھمبہ کدل – توحید چوک – بیہامہ – پاندچھ – سری نگر ہوگی۔ سالانہ ’میلہ کھیر بھوانی‘ میں شرکت کرنے کے لئے جمعہ کے روز 45 سو عقیدت مندوں پر مشتمل قافلہ سخت سیکورٹی بندو بست کے بیچ نگروٹہ سے کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ذرائع کے مطابق امسال ملک و بیرون ملک رہائش پذیر 60 سے 70 ہزار کشمیری مہاجر پنڈت عقیدت مندوں کی اس سالانہ میلے میں شرکت کی توقع ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس یاترا کے لئے جہاں سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا ہے وہیں انتظامیہ نے اس یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ تولہ مولہ میں واقع کھیربھوانی کشمیری پنڈتوں کی ایک مقدس جگہ ہے جہاں پر رگنیادیوی جو اِن کی ایک مقدس دیوی ہیں، کا مندر ہے۔ کشمیری پنڈتوں کے مطابق رگنیا دیوی صرف کشمیر میں پوجی جاتی ہے۔ اس مندر میں کشمیری پنڈت ’میلہ کھیر بھوانی‘ کے نام سے مشہور تہوار ہر سال مناتے ہیں۔ میلہ کھیر بھوانی کو کشمیری پنڈتوں کا سب سے بڑا اور اہم تہوار مانا جاتا ہے۔