بابائے قوم مہاتماگاندھی کی تعلیمات مشعل ِ راہ اُن کی لازوال اقدار آنے والی صدیوں میں اِنسانی تہذیب کو برقرار رکھیں گی: منوج سنہا

JAMMU, JAN 30 (UNI):- Jammu and Kashmir Lieutenant Governor Manoj Sinha during the death anniversary of Mahatama Gandhi in Jammu on Monday. UNI PHOTO-62U

نیوزڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کل بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی یومِ وِصال پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے گاندھی گلوبل فیملی جموںوکشمیر کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باپو کی زندگی اور تعلیمات 21ویں صدی میں رہنمائی کرتی رہیں ۔ اُنہوں نے ہمیں جو لازوال اقدار سکھائی ہیں وہ آنے والی دہائیوں اور صدیوں میں اِنسانی تہذیب کو برقرار رکھیں گی۔اُنہوں نے کہا کہ باپو نے ستیہ اور اہنسا کے جن نظریات کی حمایت کی تھی ،وہ سچائی اور عدم تشدد، انسانی وقار کی حفاظت، مساوات، سماجی اِنصاف، تمام مذاہب کا احترام، پسماندہ اَفراد کی فلاح و بہبود، خواتین اور نوجوانوں کے حقوق، پُرامن بقائے باہمی کے لئے طاقتور آلہ اور رہنمائی کی روشنی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نوجوان پود میں گاندھیائی اَقدار کو فروغ دینے کے لئے گاندھی گلوبل فیملی جموںوکشمیر کی کوششوں کی تعریف کی اور رضاکار آرگنائزیشنوںسے کہا کہ وہ سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے تعاون دیں۔اُنہوں نے کہا کہ پوجی باپو کے نظریات اور لازوال تعلیمات نے عالمی رہنمائوں کو سماجی ہم آہنگی ، بقائے باہمی اور معاشی خوشحالی پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے متاثر کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ خواتین ایک رول ماڈل کے طورپر آگے بڑھ رہی ہیں اور معاشی ترقی میں اَپنا حصہ اَدا کر رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ خواتین کو تعلیم ، مساوی مواقع اور ترقی اور خوشحالی کے لئے مالی اور دیگر اِمداد تک رَسائی حاصل ہو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ خوف ، رشوت اور منشیات سے پاک جموںوکشمیر بنانے کے اَمرت کال کھنڈ کے عزم کو پورا کرنے کے لئے پوری سوسائٹی کا نقطہ نظر وقت کی ضرورت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مہاتما گاندھی اور پنڈت مدن موہن مالویہ کے درمیان گہرے رشتے پر بھی بات کی۔ اُنہوں نے سماجی تبدیلی اور تیز تفتار ترقی کے لئے باپو کے پیغام کو پھیلانے کے لئے حکومت کی طرف سے کئے گئے اَقدامات پر روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے شہریوں اور آرگنائزیشنوں کو معاشرے کی خدمت میں ان کی گراں قدر شراکت پر مبارک باد دی اورایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کا عہد کیا گیا جس کا خواب باپو نے دیکھا تھا ۔ مہاتما گاندھی کے اَقدار اور عظیم پیغام کو عام کرنے کے لئے دو منٹ کی خاموشی بھی اِختیار کی گئی اور بھجن پڑھے گئے۔اِس موقعہ پر پدم شری ایس پی ورما صدر گاندھی گلوبل فیملی جموںوکشمیر ، پدم شری جتندر اودھمپوری مشہور ڈوگری اَدبی، میئر جے ایم سی ایس راجندر شرما، ڈی جی پی دِلباغ سنگھ ، لیفٹیننٹ جنرل آر کے شرما ( ریٹائرڈ) پدم ایوارڈ یافتہ ، سابق قانون ساز دیویندر سنگھ رانا ، عوامی نمائندے ، مختلف سماجی آرگنائزیشنوں کے اَرکان ،طلباء اور معزز شہر ی موجود تھے۔