کٹرہ میں‌بچوں کی مزدوری کے خلاف عالمی دن پر پروگرام

گلوبل پیس آرگنائزیشن نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسزاتھارٹی ریاسی
کے اشتراک سے کٹرہ میں بچوں کی مزدوری کے خلاف عالمی دن پر پروگرام منعقد کیا
اُڑان نیوز

کٹرہ//گلوبل پیس آرگنائزیشن نامی تنظیم نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی ریاسی کے اشتراک سے ’بچوں کی مزدوری کے خلاف عالمی دن ‘پر ماتا ویشنو دیوی شرائین اسپورٹس اسٹیڈیم کٹرہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والے بچے بچیوں اور اُن کے والدین نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرنا اور والدین سے تاکید کرنا تھاکہ وہ اپنے بچوں کو کوڑا کرکٹ اُٹھانے اور مزدوری کرنے کی بجائے پڑھائیں تاکہ اُن کا مستقبل بہتر ہوسکے۔

اس موقع پر منعقدہ پروگرام کی صدارت ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی ریاسی کی سیکریٹری ریکھا کپور نے کی۔ گلوبل پیس آرگنائزیشن کے چیئرمین ایڈووکیٹ شیخ الطاف حسین مہمان ِ خصوصی تھے۔اس کے علاوہ پیس آرگنائزیشن کی وائس چیئرمین ایڈووکیٹ راشی بارو، ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ اور گلوبل پیس آرگنائزیشن کے دیگر رضاکار بھی موجود تھے۔


ایڈووکیٹ شیخ الطاف حسین، ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ اور ایڈووکیٹ راشی بارو نے اِس دن کو منانے کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور بچوں سے گذارش کی گئی کہ وہ تعلیم کو اولین ترجیحی دیں ، اس موقع پر موجود بچوں کی ماو¿ں خصوصی اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے اُنہیں بچپن میں مزدوری کرانے کی بجائے اسکول بھیجیں ۔انہوں نے کہاکہ 14سال تک سرکار نے بھی بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرانے کے لئے لازمی قرار دیا ہے لہٰذا وہ ہرحال میں بچوں کو تعلیم دلائیں۔ اگر اُنہیں کسی قسم کی مشکل درپیش آرہی ہے تووہ لیگل سروسز اتھارٹی اور گلوبل پیس آرگنائزیشن سے رابطہ کریں، اُن کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔اس موقع پرگلوبل پیس آرگنائزیشن نے پانچ غریب اور یتیم بچوں کی تعلیمی اخراجات بردداشت کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس دوران بچوں اور اُن کے والدین کو درپیش مشکلات ومسائل بارے بھی جانکاری حاصل کی گئی۔ بچوں میں اسٹیشنری اور کھانے پینے کی چیزیں بھی تقسیم کی گئیں۔