عالمی سطح پر 100ویکسین زیر تحقیق
ایک سال سے کم عرصے میں دوائی آنے کا امکان
مانیٹرنگ ڈیسک


سرینگر//عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کووڈ 19- کے تدارک کی ویکسین ایک سال سے کم عرصے میں دریافت کی جاسکتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل Tedros adhanom نے کہا کہ ویکسین کی دریافت اور اسے تقسیم کرنے کیلئے عالمی سطح پر اشتراک کی ضرورت ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ویکسین کو بنانے کے بعد تقسیم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ثابت ہوسکتا ہے اور اس کے لئے سیاسی بصیرت کی ضرورت ہے۔ ماحولیات، عوامی صحت اور فوڈ سیفٹی سے متعلق یورپین پارلیمنٹری کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کے دوران عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ ایک آپشن یہ ہوگا کہ ویکسین اُن مریضوں کو دی جائے جن کی حالت انتہائی نازک ہو۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19-کیلئے فی الوقت 100 مختلف ویکسین کئی مراحل میں زیر تحقیق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمگیر وباء نے مختلف ملکوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت اُجاگر کی ہے لہذا عوامی صحت پر سب سے زیادہ فنڈس خرچ کرنے کی ضرورت بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سبھی مملک کو چاہئے کہ وہ بنیادی طبی سہولیات کو مضبوط کریں تاکہ کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے مختلف ممالک اس پوزیشن میں آجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین مما ک میں صورتحال اب بہتر ہورہی ہے تاہم دیگر ممالک میں پچھلے ایک مہینے کے دوران 4لاکھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک سے غلطیاں ہوتی ہیں اور عالمی ادارہ صحت سے بھی ہوسکتا ہے غلطی ہوئی ہے جس کیلئے ایک آزاد تحقیقات کی ضرورت ہے جو عنقریب کام شروع کرنے جارہا ہے۔