پاکستان کا بھارتی ہائی کمشنر کو ملک چھوڑنے کا حکم

اسلام آباد// پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے جب کہ پاکستان نے نئی دلی میں تعینات اپنے ہائی کمشنر کو بھی واپس بلا لیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت کے متنازع اقدام پر پاکستان نے بھارت سے دو طرفہ تجارت معطل اور سفارتی تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہمارے سفیر اب نئی دلی میں نہیں ہوں گے اور بھارت کے سفیر کو ملک واپس جانا ہوگا۔