پاکستان امن کا خواہاںکشیدگی ختم کرنے کے لئے اقدامات کررہا ہے: شاہ محمود قریشی

نیوزڈیسک
اسلام آباد //بھارت کو پاکستان کو دباؤ میں لانے کا خیال ذہن سے نکال دینے کا مشورہ دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں پر حملے کیے گئے اور بھارتی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی۔آخر کار بھارتی سپریم کورٹ کو کشمیریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے بیان دینا پڑا۔مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کی راجدھانی اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیری خوف میں مبتلا ہیں، لوگ کاروبار بند کرکے گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں، نئی دہلی میں بیقصورکشمیری نوجوان پر تشدد کیا گیا، حریت قیادت کو کشمیر سے باہر دھکیلا جارہا ہے، مزید10 ہزار بھارتی فوجی کشمیر بھجوائے جارہے ہیں، جے پور جیل میں پاکستانی قیدی کو جاں بحق کردیا گیا۔ کشمیریوں پر حملے کیے گئے اور بھارتی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی, آخر کار بھارتی سپریم کورٹ کو کشمیریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے بیان دینا پڑا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بی جے پی سیاسی مقاصد کے لیے جنون پھیلانا بند کرے، بھارتی حکومت تدبر سے کام لے اور امن کو داؤ پر نہ لگائے، بھارتی اقدامات سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ بھارتی حکومت غیرذمہ دارانہ رویہ بند کرے کیونکہ لوگوں کو قید کیا جاسکتا ہے لیکن نظریات اور سوچ کو قید نہیں کرسکتے۔کشمیر کی نئی نسل میں ایک نئی حریت کی کیفیت جاگ چکی ہے جو دبنے والی نہیں۔پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور پاکستان کشیدگی ختم کرنے کے لئے اقدامات کررہا ہے، بھارت پاکستان کو دباؤ میں لانے کا خیال ذہن سے نکال دے، بھارتی رویے کے خلاف پاکستانی قوم یکجا ہے۔انہوں نے واضح کر دیا کہ امن دونوں ممالک کے حق میں ہے اور کشیدگی سے کچھ حاصل نہیں ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت کو ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کرکے کشمیر کے مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں اور احساسات اور اقوام متحدہ کی قرار داروں کے مطابق ہی حل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے پُر امن حل کے بعد ہی خطے میں امن کے قیام کی ضمانت دی جا سکتی ہے ۔