راجوری میں پیسہ دوگنا کرنے والی فرضی کمپنی کا پردہ فاش
دس افراد گرفتار، 5.50لاکھ روپے ضبط،کئی فرار ، مزید کی گرفتاری متوقع
راجوری پونچھ میں کمپنی کئی ماہ سے کاروبار کر رہی ہے، درجنوں مقامات پر دفاتر قائم
اڑان نیوز
راجوری//راجوری پولیس نے 15اور30دنوں میں دوگنے پیسے دینے کا دعویٰ کرنے والی ایک نجی کمپنی کا پردہ فاش کرتے ہوئے دس افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ پولیس نے 5.50لاکھ روپے بھی کمپنی کے دفتر سے ضبط کئے ہیں۔ اس ضمن میں مزید کئی افراد کی گرفتاری متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق دو ہفتے قبل راجوری پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ راجوری کے ایتی علاقہ میں ’Hablas E-Commerce Pt. Ltd‘نام سے ایک کمپنی نے اپنا دفتر کھولا ہے جویہ دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ چند دنوں میں لوگوں کو دوگنا پیسہ دے گی۔ اطلاع ملنے کے بعد ضلع پولیس انتظامیہ نے مذکورہ دفتر کی سرگرمیاں پر قریبی نظر رکھی۔ ذرائع کے مطابق آج پولیس نے متعدد لوگوں اور سیکورٹی ایجنسیوں سے فیڈبیک حاصل کرنے کے بعد ایتی میں قائم کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارااورپایاکہ متعلقہ حکومتی اداروں یا ریزروبنک آف انڈیا سے اجازت لئے بغیر بڑے پیمانے پر پیسوں کا لین دین ہورہاہے۔ کمپنی کے افراد قانون کے مطابق پیسے کے لین دین متعلق کوئی مستنددستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے۔ اس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے موقع پر ہی 5.50لاکھ روپے ضبط کئے جس کا کوئی حساب کتاب نہ تھا۔ دس افراد کو موقع پر ہی گرفتار کیاگیا جن میں کمپنی چلانے والے دو افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ان کی شناخت سجاد احم ولد جان محمد ساکنہ چھبی تراڑ کوٹرنکہ اور اسرار بخاری ولد جمیل حسین ساکنہ بہروٹ کے طور پر کی ہے۔دیگر گرفتار آٹھ افراد میں محمد صفیر ولد شفیق احمد ساکنہ چک منیلا مینڈھر، محمد یوسف سرنکوٹِ سکندر حسین ولد محمد حسین ساکنہ جواہر نگر، طاہر نسیم ولد بشیر حسین ساکنہ کھیوڑہ راجوری، محمد اشتیاق ولد محمد فضل ساکنہ لمبیڑی راجوری، عمران منہاس ولد طارق منہاس ساکنہ جواہر نگر، محمد زبیر ولد محمد لطیف ساکنہ مہڑی گجراں اور طارق احمد ولد محمد حمید ساکنہ مینڈھر شامل ہیں۔ان سبھی کو سی آر پی سی کی دفعات107,151کے تحت گرفتار کیاگیاہے۔ ذرائع کے مطابق کمپنی کے چند خود ساختہ ملازمین چھاپہ کی اطلاعات سن کر پہلے ہی وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ کمپنی لوگوں کو پیسہ دوگنا دینے کی لالچ دیکر ان سے لاکھوں روپے لگوارہی تھی اور حدشہ تھاکہ یہ پیسے ہڑپ کر لیں گے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ صارفین سے لئے جانے والے پیسوں کی کوئی رسید وغیرہ نہیں دی جاتی ۔ ماضی میں ایسی کئی کمپنیاں راجوری پونچھ اضلاع میں آئیں جنہوں نے معصوم لوگوں سے کروڑوں روپے جمع کئے اور پھر وہاں سے فرار اختیار کرگئیں۔ذرائع کے مطابق Hablas E-Commerce Pt. Ltd‘نامی کمپنی نے اپنا صدر دفتر مینڈھر میں قائم کیا ہے جہاں پچھلے کئی ماہ سے بڑے پیمانے پر کاروبار جاری ہے۔ بتایاجاتاہے کہ وہاں پر نہ صرف عام لوگوں بلکہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ سول اور پولیس انتظامیہ میں اعلیٰ عہدوں پر فائض افسران نے بھی کافی پیسے لگائے اور لاکھوں کروڑوں کمائے بھی ہیں۔ مینڈھر میں کمپنی کاپیسے دوگنے کرنے کا کاروباربڑے پیمانے پر جاری ہے۔ جس میں شروع شروع میں آٹھ دن، پھر15،دن، پھر ایک ماہ کے اندر پیسے دوگنے کئے جاتے تھے جبکہ اب مدت مزید بڑھا دی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق مینڈھر میں پولیس انتظامیہ کی طرف سے کمپنی دفتر پر کئی بار چھاپے بھی لگائے گئے لیکن کمپنی حکام کی طرف سے تسلی بخش جواب ملنے پر کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔