ڈوڈہ کے گائوں آبلی موسری سڑک پر ناقص مواد کا استعمال، لوگوں نے کیا احتجاج

دانش اقبال
جموں//ضلع ڈوڈہ کے آبلی موسری سڑک پر محکمہ تعمیرات عامہ نے ناقص مواد کا استعمال جاری رکھا ہے جس کے سلسلے میں کئی بار لوگوں نے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا کہ سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری مواد کا استعمال کیا جا رہا ہے جوکہ ناقابل ِ برداشت ہے۔ مقامی لوگوں نے یہاں محکمہ کی لا پرواہی اور ناقص کارکردگی پر زور دار احتجاج کیااور محکمہ پر الزام عائد کیا کہ متعلقہ محکمہ سڑک کی تعمیر میں ناقص مواد کا استعمال کر کے ناجائز طور سے آمدن کمانے کے در پہ ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ ایسی ہی سڑکوں پر حادثات رونما ہوتے ہیں جنہیں بعد میں ڈرائیوروں کی ناتجربہ کاری سے تعبیر کیا جاتا ہے لیکن حقیقی معنوں میں آئے روز سڑک حادثات کی وجہ سڑکوں کی تعمیرات میں ناقص مواد کا استعمال ہے۔ ضلع ڈوڈہ کے مختلف علاقہ میں جات میں محکمہ تعمیرات عامہ کی کار کردگی اسی طرح لاپرواہی اور ناقص ہے جس کو لیکر لوگ محکمہ کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کرتے نظر آ رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے کہا ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیں جو ضلع ڈوڈہ محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے تعمیر ہو رہی کا جائزہ لیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ محکمہ کس طرح سرکاری خزانے پر اپنے ہاتھ صاف کر رہا ہے اور ناجائز طور سے آمدن کمانے کے چکر میں ہے۔