اڑا ن نیوز
سرینگر//گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے کل ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں بجلی اور صنعتی سیکٹر سے جُڑے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ جن معاملات پر میٹنگ میں غور و خوض ہوا ان میں کے سی سی آئی کے نمائیندوں ، پی ایچ ڈی چیمبر آف کشمیر / جموں، سی آئی آئی ، بجلی اور صنعت و حرفت محکموں کی طرف سے ابھارے گئے نکات شامل ہیں ۔ اِن پُٹ ٹیکس کریڈٹ کو سیلاب سے بعد کی مدت کو واپس لینے اور بجلی کی بقایا جات اور پینلٹی اور سود معاف کرنے کے مطالبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ علاوہ ازیں سالڈ بیسڈ منیجمنٹ پلانٹوں کی دستیابی ، صنعتی اسٹیٹس کیلئے معقول بجلی سپلائی ، اہم صنعتی مراکز میں ای ایس آئی ہسپتال قایم کرنا اور پشمینہ دستکاری کو فروغ دینا بھی بحث کئے گئے معاملات میں شامل ہیں ۔ مشیر نے انتظامی محکموں کو ہدایت دی کہ وہ کاریگروں اور مختلف تجارتی اور صنعتی تنظیموں کی طرف سے ابھارے گئے معاملات کو حل کرنے کیلئے موثر اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک فعال لایحہ عمل اختیار کیا جانا چاہئیے جس کے نتایج زمینی سطح پر ظاہر ہوں ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین چودھری ، پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار ، پرنسپل سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار ، کمشنر کمرشل ٹیکسز ایم راجو اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔