سول سروسز ڈی سنیٹرل آئزیشن ریکروٹمنٹ ایکٹ چیلنج

سول سروسز ڈی سنیٹرل آئزیشن ریکروٹمنٹ ایکٹ چیلنج
جموں صوبہ کے پٹواریوں کی پرموشن لسٹ پر عدالت عالیہ کاحکم امتناعی، حکومت کو نوٹس جاری
اڑان نیوز-
جموں//جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی جموں ونگ نے صوبہ جموں کے پٹواریوںسے گرداور وںکی پرموشن لسٹ پرحکم امتناعی جاری کر دیاہے۔عدالت نے کہاکہ پرموشن لسٹ تیار کرنے کا عمل جاری رہے لیکن حتمی سلیکشن لسٹ نوٹیفائی نہ کی جائے۔ یہ ہدایات عدالت عالیہ نے ضلع راجوری کے پٹواریوں کی طرف سے دائر ایک رٹ پٹیشن میں جاری کیں جس میں انہوں نے جموں وکشمیر سول سروسز ڈی سنٹرلائزیشن اینڈ ریکروٹمنٹ ایکٹ 2010کی سیکشن10کی ذیلی سیکشن2اور سول سروسز ڈی سینٹرلائزیشن اینڈ ریکروٹمنٹ رولز2010کے رول19کو چیلنج کیاہے۔’منصور الا مین ودیگران بنام جموں وکشمیر سرکار ودیگران ‘عنوان سے دائر رٹ پٹیشن میں مدعیان نے کہاکہ مذکورہ قانون کی سیکشن10(2)اور رول19آئین ہند کی دفعات14اور16، جموں وکشمیر آئین کی نہ صرف خلاف ورزی ہے بلکہ یہ جموں وکشمیر ریونیو (سبارڈنیٹ )سروس ریکروٹمنٹ رولز2009کے خلاف ہے جس کے تحت ان کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔ مدعیان کی طرف سے کیس کی پیروی ایڈووکیٹ احسان مرزا اور ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ نے کی۔ انہوں نے عدالت عالیہ کو بتایاکہ پٹواریوں کی تقرری جموں وکشمیر ریونیو سبارڈنیٹ سروس ریکروٹمنٹ رول کے تحت ہے ، ان کی پرموشن بھی اسی کے تحت ہونی ہے جس میں مکمل طریقہ کار بتایاگیاہے۔گرداور چونکہ ڈویژن کیڈر کی پوسٹ ہے، اس لئے اس کی سنیارٹی لسٹ صوبائی سطح پر تیار ہونی ہے اور اس کے مطابق ہی پٹواریوں کو پرموشن دی جانی ہے لیکن حکومت جموں وکشمیر سول سروسز ڈی سینٹرل آئزیشن اینڈ ریکروٹمنٹ ایکٹ 2010اور اس کے تحت بنائے گئے رولز مطابق پرموشن لسٹ تیار کر رہے ہیں۔ ڈی سینٹرل آئزیشن ایکٹ اور رولز کے تحت ہر ضلع میں پٹواریوں کی ’ریشو‘تناسب کے حساب سے پٹواریوں سے گرداور پرموٹ کئے جارہے ہیں۔ اس سے حکومت کی طر ف سے بنائے گئے نئے اضلاع میں تعینات پٹواری جوکہ کئی سال جونیئر ہیں، کو بھی پرموشن کرنا کا محکمہ اراد رکھتا ہے۔ اگر ایسا کیاجاتاہے تو اس سے سنیئر پٹواریوں کے ساتھ نا انصافی ہوتی ہے جوکہ آئین ہند کی دفعات14،16 اور جموں وکشمیر آئین کی نہ صرف خلاف ورزی ہے بلکہ یہ جموں وکشمیرریونیو(سبارڈنیٹ)سروس ریکروٹمنٹ رولز2009کی خلاف سریح ورزی ہے جس کے تحت پٹواریوں سے گرداور کی پرموشن کی جانی ہے۔ رٹ پٹیشن میں فاضل عدالت سے استدعا کی گئی کہ ریاستی حکومت کو ہدایت جاری کی جائے کہ پٹواریوں کی پرموشن جموں وکشمیر ریونیو سبارڈنیٹ سروس ریکروٹمنٹ رولز اور ایکٹ کے مطابق کی جائے۔ دوران ِ بحث ایڈووکیٹ احسان مرزا نے فاضل جج کی توجہ خاص طور سے سبارڈنیٹ سروس ریکروٹمنٹ رول5اور شیڈیول سیکنڈ(اے)کلاس iiiکی طرف مبذول کروائی جس میں ریونیو سبارڈنیٹ سروس میں گرداوروں اور اس کے برابر کی آسامیوں کے پرموشن کا طریقہ کار بتایاگیاہے۔ وکلاءکی دلائل سننے کے بعد جسٹس سنجیو کمار جموں صوبہ کے پٹواریوں کی پرموشن لسٹ پر اسٹے جاری کیا۔ انہوں نے کمشنر سیکرٹری ریونیو/صوبائی کمشنر جموں اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہاکہ اگر مدعا علیان©’رسپانڈنٹس‘پٹواریوں سے گرداوروں کی پرموشن کرنا چاہتے ہیں، تو اس کا عمل جاری رہے لیکن عدالت عالیہ کے آئندہ احکامات تک حتمی سلیکشن لسٹ جاری نہ کی جائے۔ جسٹس سنجیو کمار نے مدعا علیان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس میں جوابی دعویٰ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔