پانپور میں کوئی فائرنگ نہیں ہوئی : پولیس بد قسمتی سے خطر ناک عزائم کے ساتھ جعلی خبر پھیلائی گئی :عمر عبداللہ

اڑان نیوز
سری نگر//ریاستی پولیس نے واضح کیا کہ جنوبی قصبہ پانپور میں پیر کے روز فائرنگ یا جنگجو حملے کا کوئی واقعہ رو نما نہیں ہو ا جبکہ پولیس نے افواہیں پھیلانے کی پاداش میں ایک مقدمہ بھی درج کیا ہے ۔ادھر سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے خطر ناک عزائم کے ساتھ جعلی خبر پھیلائی گئی ۔ریاستی پولیس نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ امن وامان میں رخنہ ڈالنے والوں کو بخشا نہیں جائیگا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ افواہیں پھیلا کر عوام میں اضطرابی کیفیت پیدا کی جارہی ہے ۔پولیس نے ان خیالات کا اظہار پانپور میں جنگجو یانہ حملے سے متعلق جعلی خبر شائع کرنے کے پس ِ منظر میں کیا ۔پولیس نے کہا کہ پانپور میں پیر کے روز جنگجو حملے سے متعلق خبر سرا سر بے بنیاد اور غلط ہے ۔ایس پی اونتی پورہ محمد زاہد ملک نے بتایا کہ کچھ افراد نے سوشل میڈیا پر بشمول ٹویٹر ،فیس بک اور وٹس ایپ گروپوں میں پانپور میں پیر کے روز جنگجو یانہ حملے سے متعلق ایک خبر شائع کی ،جو کہ حقیقت سے بعید ہے ۔ایس پی نے پانپور قصبہ میں پیر کو کوئی بھی فائرنگ یا جنگجو یانہ حملے کا واقعہ رونما نہیں ہوا ۔ان کا کہناتھا کہ افواہیں پھیلانے والوں کے سخت کارروائی کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیا گیا جبکہ ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ۔ادھر پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اونتی پورہ پولیس نے ٹویٹر پر افواہیں پھیلانے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ٹویٹر ہینڈل کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر49/2018زیر دفعہ505آرپی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ پولیس حکام کی جانب ٹویٹر انڈیا کے اعلیٰ حکام کو مذکورہ شخص کی تفصیلات فراہم کرنے کے سلسلے میں آگاہ کیا گیاتاکہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائےگی۔یاد رہے کہ سشیل پنڈت نے ٹوئیٹ کرکے بتایا تھا کہ پانپور میں 5سی آر پی ایف اہلکاروں کو ہلاک کیاگیا جبکہ انہوں نے رمضان سیز فائر پر سوال اٹھایا تھا ۔ادھر سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے خطر ناک عزائم کے ساتھ جعلی خبر پھیلائی گئی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جعلی خبر کا نوٹس لیکر مرتکب شخص کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔خیال رہے کہ سوشیل پنڈت نامی ایک مہاجر پنڈت نے اپنے ٹویٹر ہینڈل سے یہ جعلی خبر دی تھی کہ پانپور میں پانچ سی آر پی ایف اہلکار حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں ۔