وادی چناب میں سڑک حادثات سے متعلق مفادِ عامہ عرضی عدالتِ عالیہ کا ریاستی حکومت کو بیانِ حلفی جمع کرنے کا حکم

محمد اصغر بٹ
ڈوڈہ// عدالتِ عالیہ نے ریاستی حکومت کو وادی¿ چناب کے تینوں اضلاع میں سڑک حادثات کو روکنے کے لئے کئے جا رہے اقدامات سے متعلق بیان حلفی جمع کرنے کا حکم دیا ہے ۔ بار ایسو سی ایشن ڈوڈہ کی طرف سے اس ضمن میں دائر مفادِ عامہ کی عرضی کے سماعت کے دوران ایسو سی ایشن کے وکیل ایڈوکیٹ سیّد عاصم ہاشمی کے دلائل سننے کے بعد جسٹس بدر دریز احمد اور جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکور پر مشتمل بنچ نے حکم دیا کہ حکومت اور اس کے متعلقہ ادارے عدالتِ عالیہ کو تفصیل فراہم کرے کہ گزشتہ دو برس کے دوران ان اضلع میں کتنے سڑک حاددثات رونما ہوئے اور ان میں کتنا جانی نقصان ہوا ۔ ایڈو کیٹ سیّد عاصم ہاشمی نے عدالتِ عالیہ کو بتایا کہ اوؤرلوڈنگ ، مسافر گاڑیوں کی تیکنیکی حالت درست نہ ہونے ،نا تجربہ کار ڈرائیوروں اور انتہائی پُر خطرمقامات پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثات پیش آرہے ہیں جو قومی شاہراہ اور اندرونی رابطہ سڑکوں پر رونما ہو رہے ہیں ۔ عدالتِ عالیہ نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ریاستی حکومت کو بیانِ حلفی جمع کرنے کا حکم دیا ہے ۔