اڑان رپورٹ
جموں +راجوری+مینڈھر //بین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن پر کئی سیکٹروں میں جمعہ کے روز بھی شدید گولہ باری کا تبادلہ جاری رہا جس کے باعث وہاں پر جنگ کی صورتحال بن گئی ہے ۔ تازہ گولہ باری کے دوران آر ایس پورہ سیکٹر میں 2عام شہری اور سانبہ سیکٹر میں میںبارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں ۔ اس طرح گزشتہ دور روز کے دوران بین الاقوامی سرحد کی دونوں طرف ابھی تک 3خواتین سمیت6عام شہری اس گالہ باری کا نشانہ بن چکے ہیں جبکہ بارڈر سیکورٹی فورس کے 2اہلکار بھی کام آئے ہیں ۔ اس کے علاوہ دو روز کے دوران دونوں طرف 2درجن سے زیادہ عام شہری زخمی ہو ئے ہیں ۔ یہاں پر بی ایس ایف حکام نے بتایا کہ پاکستانی رینجرز نے جمعہ کی صبح پونے 7بجے کے قریب بین الاقوامی سرحد پر آر ایس پورہ سے ضلع کٹھوعہ ے بسنتر علاقہ تک کئی سیکٹروں میں گولہ باری شروع کر دی ۔ ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے آرایس پورہ ، ارنیہ ، رام گڑھ اور ہیرا نگر سیکٹر میں بی ایس ایف کی ہر اول چوکیوں کے علاوہ شہری بستیوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے دوران بی ایس ایف کا ایک ہیڈکانسٹیبل اور ایک خاتون سمیت2 عام شہری ہلاک جبکہ 14 دیگر زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں دو بی ایس ایف اہلکار بھی شامل ہیں۔ بیشتر زخمیوں کو میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سانبہ سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں 173 بٹالین بی ایس ایف سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل جگپال سنگھ شدید زخمی ہو گیا ۔ اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا ۔ ذرائع نے بتایا کہ سوچیت گڑھ سیکٹر میں پاکستانی رینجرز کی شہری بستیوں پر بے تحاشہ گولہ باری کے نتیجہ میں 2عام شہری ہلاک ہو ئے ہیں ۔ ان کی شناخت 50 سالہ بچنو دیوی زوجہ جیت راج ساکنہ سائی خوردد ارنیہ اور 25 سالہ ساحل ولد کرشن لال ساکنہ کورتانہ آر ایس پورہ کے بطور کی ہے۔بعض زخمیوں کی شناخت 55 سالہ جیت راج ولد روی کمار اور 50 سالہ کرشن لال ساکنہ آر ایس پورہ، 52 سالہ نانک راج ساکنہ ماہا شاہ، 35 سالہ رنجیت سنگھ ساکنہ کوکھری چک رام گڑھ سانبہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز گولہ باری کے دوران جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ ضلاع کے ارنیہ ، سوچیت گڑھ ، رام گڑھ ، ننگا ، ہیرا نگر سیکٹروں میں کم از کم 14عام شہری زخمی ہو ئے ہیں جنہیں مختلف ہسپتالوں یں داخل کر ایا گیا ہے ۔اس کے علاوہ رام گڑھ کے ملو چک اور نانگا پوسٹ میں پاکستانی فائرنگ سے2 بی ایس ایف اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ بی ایس ایف حکام کے مطابق اس کے جوان پاکستانی رینجرز کی بلا اشتعال گولہ باری کا بھر پور جواب دے رہے ہیں۔ آخری اطلاعات کے مطابق وقفے وقفے سے گولیوں اور مارٹر شیلوں تبادلہ جاری تھا ۔واضح رہے کہ جمعرات کو گولہ باری کے تبادلے میں سرحد کے دونوں طرف 3 عام شہری اور بی ایس ایف کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 10 دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔ زخمیوں میں ایک بی ایس ایف اہلکار بھی شامل تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری کردی گئی ہے جبکہ احتیاطی طور پر اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق ضلع راجوری کے منجا کوٹ ،نوشہرہ اور جھنگڑ جب کہ ضلع پونچھ کے بالا کوٹ اور ہمیر پور سیکٹروں میں بھی دونوں طرف کی فوجوں کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ چل رہا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ منجا کوٹ ، جھنگڑ اور نو شہرہ سیکٹروں میںبھارتی اور پاکستانی فوج کے مابین جمعہ بعد دوپہر ایک بجے گولہ باری کا تبادلہ شروع ہو ا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ۔ ضلع انتظامیہ نے کنٹرول لائن سے متصل علاقوں میں تمام سکول اگلے حکم تک بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔نیز پولیس کی بلٹ پروف گاڑیاں گولہ باری کی زد میں آئے علاقوں کی طرف روانہ کی گئی ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں وہاں سے لوگوں کو نکالا جا سکے ۔ واضح رہے کے گزشتہ برس بھی اس علاقہ مےں گولہ باری کے تبادلے کے دوران اسکولی طلبا پھنس گئے تھے جنہیں بمشکل بلٹ پروف گاڑیوں کے ذریعے نکالا جا سکا تھا ۔ مینڈھر کے بالا کوٹ اور ہمیر پور سیکٹروں شام ساڑھے 5بجے کے قریب دونوں افواج ے درمیان ہلکے اسلحہ کی فائرنگ کے علاوہ بھاری مارٹر شیلوں کا تبادلہ شروع ہو ا جو دیر شام تک جا ری تھا ۔ذرائع نے بتایا کہ بالا کوٹ ، سندوٹ ، بسونی ، لنجوٹ ، ڈھمی اور منکوٹ سیکٹر کے ڈبراج ، بلنوئی علاقوں میں گولہ باری جاری ہے ، اس دوران گاؤں ڈبی میں ایک شخص صدام حسین ولد محمد اقبال خان کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوج پاکستانی گولہ باری کا بھر پور جواب دے رہی ہے ۔ دریں اثنا پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق بلا اشتعال گولی باری کا سلسلہ بی ایس ایف کی طرف سے شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں سیالکوٹ سیکٹر میں ایک24سالہ نوجوان جاں بحق اور ایک شہری زخمی ہوا۔اس سلسلے میں جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی اسلام آباد میں مقیم بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کوپاکستانی وزارت خارجہ کے دفتر طلب کرکے باضابطہ احتجاج درج کیا گیا۔دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران پاکستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے بلا اشتعال گولی باری کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے جو قابل مذمت ہے۔( نوشہرہ سے صدام بٹ ، منجاکوٹ سے عامر سہیل اور بالاکوٹ سے طارق خان کے ساتھ )