گورنر اور خاتون اول کی کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت

جموں//گورنر این این ووہرا اور ان کی اہلیہ اوشا ووہرا نے کل شام کارمل کانونٹ سکول کی طرف سے کرسمس کے سلسلے میں منعقد ہ ایک تقریب میں شرکت کی۔گورنر نے اس موقعہ پر ہر ایک کو میری کرسمس اور نئے سال کی مبارک باد دی۔ گورنر نے اس موقعہ پر کہا کہ ایک پرامن سماج کے وجود کو یقینی بنانے کے لئے ایک دوسرے کو سمجھنے اور باہمی یکجہتی کا احساس پیدا کرنا لازمی ہے۔گورنر نے ریاست میں معیاری تعلیم سے لوگوں کو روشناس کرانے کے لئے کیتھولک کرسچن مشن کے رول کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مشنریاں صدیوں سے یہ کام کرتی آرہی ہے اور اس وقت یہ جموں اور سرینگر میں 35سکولوں کے ذریعے سے معیاری تعلیم سے عام کر رہی ہے۔گورنر نے کہاکہ نوجوانوں میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور ثقافتی اقدار پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو غیر اخلاقی اور غیر سماجی سرگرمیوں سے دور رکھنے کی طرف توجہ دی جانی چاہئیں۔گورنر اور ان کی اہلیہ نے اس موقعہ پر کرسمس کیک کاٹنے کی رسم میں بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر کرسچن مشنریوں سے وابستہ کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔پروفیسر آر ڈی شرما وائس چانسلر یونیورسٹی آف جموں جو اس وقت مہمان ذی وقار کی حیثیت تھے نے بھی خطاب کیا اور تعلیمی سیکٹر میں مشنریوں کے رول کو اجاگر کیا۔