عارضی ملازمین کاوفد وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقی نوکریاں باقاعدہ کرنے کیلئے موثر لائحہ عمل اختیار کرنے پر اظہار ِ تشکر

اڑان نیوز
جموں//کنٹریکچول ملازمین کے ایک بڑے وفد نے کل یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔ ان ملازمین نے ان کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے کے لئے ایک فعال اور موثر لائحہ عمل اختیار کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے تیز تر بنیادوں پر ملازمین کے مشکلات کو حل کرنے کا وعدہ پور ا کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کی ستائش کی۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت ابتدا ءسے ہی کنٹریکچول ملازمین کی مسائل سے باخبر ہے اور حکومت تب سے ہی انہیں مختلف قسم کی سہولیات دینے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرتی آرہی ہے تاکہ حکومت پر ان کا اعتماد برقرار رہ سکیں۔محبوبہ مفتی نے ان ملازمین پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے عوام اور ریاست کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔