بیوی کو قتل کرنے کی پاداش میں صہیب الیاسی کو عمر قیدکی سزا انڈیاز موسٹ وانٹیڈ شو سے ملی تھی شہرت

نئی دہلی// دارالحکومت کی ایک نچلی عدالت نے بیوی کے قتل کے قصوروار سابق ٹی وی پروڈیوسر صہیب الیاسی کو کل عمر قید کی سزا سنائی۔دہلی کی کڑکڑ ڈوما عدالت نے صہیب کی بیوی انجو کے قتل کے جرم کی پاداش میں عمر قید کی سزا سنائی۔سرکاری وکیل نے اس مقدمے میں قصوروار قرار دئے گئے صہیب کو پھانسی کی سزا دینے کی مانگ کی لیکن انڈیاز موسٹ وانٹیڈ جیسے پروگرام سے خبروں میں آئے اس ٹی وی پروڈیوسر نے خود کو بے قصور بتایا۔گیارہ جنوری 2000کو صہیب کی بیوی انجو کی پراسرار حالت میں موت ہوگئی تھی۔صہیب اور انجو1989 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایک ساتھ پڑھتے تھے تبھی دونوں کے درمیان عشق ہوگیاتھا۔انجو کے گھر والوں نے اس رشتہ کی مخالفت کی تھی۔اس کے بعد دونوں لندن چلے گئے۔ گھروالوں کی مخالفت کے باوجود صہیب اور انجو نے 1993میں لندن میں شادی کرلی۔ صہیب نے اپنے گناہ کی جو اسکرپٹ تیار کی وہ نہایت شاطرانہ تھی۔ اس نے اپنے گناہ اور گناہ کے نشانات کو اس قدر مٹایا کہ ایک مرتبہ تو اس کی کہانی پر سب کو یقین ہونے لگا تھا لیکن گھر والوں کی طرف سے ایف آئی آر درج کرانے کے بعد پولیس نے گہرائی سے جانچ کی تو اسکرپٹ جھوٹی ثابت ہوئی اور اسے بیوی کے قتل کے معاملے میں گرفتار کرلیاگیا۔