کشمیر نیوز سروس
سرینگر//وقف بورڈکے وائس چیرمین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ کو تحریری طورپر آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ذاتی وجوہات کی بنا پر کرسی چھوڑنے کا فیصلہ لیا ہے۔ وقف بورڈکے وائس چیرمین پیر محمد حسین نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کااعلان کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پیر محمد حسین نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کو تحریری طورپر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ذاتی مصروفیات کی بنا پر کرسی چھوڑرہے ہیں۔ خیال رہے کہ استعفی کا معاملہ اس پریس کانفرنس کے ایک دن بعد پیش آیا جس میں موصوف نے وقف بورڈ میں اپنے مدت کار کی حصولیابیوں کا تذکرہ کیا تھا ۔پیر حسین نے خبروں کی ترسیل کرنے والی ایک مقامی ایجنسی کو بتایا کہ میں نے پا نچ روز قبل اپنا استعفی وزیر اعلیٰ کو بھیج دیا ہے تاہم مجھے یہ نہیں معلوم کہ آیا وہ منظور ہوا ہے یا نہیں ۔امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی وقف بورڈ کی چیر پرسن ہیں ۔پیر محمد حسین کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ایمانداری اور لگن سے کام کیا اور اپنی معیاد کار کے دوران بورڈ اور اس کی جائیدادوں کے حوالے سے کئی اصلاحی اقدامات کئے۔اب کوئی بھی شخص بوڑد کا انتظام و انصرام خوش اسلوبی سے انجام د ے سکتا ہے ۔ پیرحسین سے جب استعفیٰ کی وجہ جاننے پر زور ڈالا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ موزوں وقت پر مستعفی ہونے کی وجہ ظاہر کریں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں پیر محمد حسین نے کشمیر میگزین کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ اگر وہ وقف جائیدادوں او ر بورڈ کے نظم و نسق کے حوالے سے جو میرا پلان ہے اگر میں اسے عملانے میں ناکام ہوا تو میں پوری ایماندری کے ساتھ کہتا ہوں کہ میں مستعفی ہوجاوں گا ۔خیال رہے کہ پیر محمد حسین پی ڈی پی کے دیرینہ اور بنیاد گزار لیڈروں میں شمار کئے جاتے ہیں جنہیں مرحو م وزیر اعلیٰ مفتی محمد سید نے مارچ 2012میں کارگزر وایس چیئرمین کے عہدے پر اس وقت تک فائز کیا تھا جب تک کہ وائس چیئر مین کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ۔تاہم پیر محمد حسین بطور وائس چیئرمین کام کرتے رہے کیونکہ ابھی تک اس عہدے کے لئے باضابطہ انتخاب ہونا باقی ہے ۔