جموں// سانبہ اور کٹھوعہ میں عوام تک رسائی کی اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے طلب کئے گئے عوامی مطالبات کے ازالے کے کیمپوں کے دوران سرحدی علاقوں میں رہنے والے عوام نے ان علاقہ جات کے نوجوانوں کے لئے خصوصی بھرتی مہم چلانے اور فوج و دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے زیر استعمال اراضی اور فصلوں کے عوض معاوضہ فراہم کرنے کی مانگ کی کٹھوعہ میں آج سرحدی علاقوں کے کئی وفود نے فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے زیر استعمال اراضی کے لئے معاوضہ میں اضافہ کرنے اور اس کی ادائیگی کی مانگ کی۔ انہوں نے فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں میں سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کے لئے خصوصی بھرتی مہم چلانے کی مانگ کی۔ اسی طرح کی مانگ کل چھمب،چملیال اور سانبہ ضلع کے دیگر سرحدی علاقوں کے عوام نے بھی وزیر اعلیٰ کے سانبہ دورے کے دوران سامنے رکھی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے ان دو سرحدی اضلاع کے وفود کو ان کی مانگوں پر غور کرنے اور ضرورت پڑنے پر مرکز کے ساتھ اُٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کو سرحد پار سے فائیرنگ اور شیلنگ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کیمپوں کے دوران کئی وزرائ، اراکین قانون سازیہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری، آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی ایس جموال، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ اور منصوبہ بندی محکمہ کے سنیئر افسران، مختلف محکموں کے سربراہاں، متعلقہ انجنئیرنگ ونگوں کے چیف، ڈی آئی جی ، ایس کے آر رفیق الحسن کٹھوعہ اور سانبہ کے ذپٹی کمشنرز اور متعلقہ اضلاع کے ضلع افسران بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ کی طرف سے شروع کئے گئے عوام تک رسائی کے ان پروگراموں میں عوام کا کافی مثبت رد عمل رہا ہے جو اپنی مشکلات کے برسر موقعہ ازالہ کے لئے ان کیمپوں میں شرکت کر رہے ہیں۔