دانش وانی
بانہال // بانہال کے کھار پورہ علاقے میں جمعہ کو ایک ریچھ نے ایک رہائشی مکان میں داخل ہو کر پورے محلے کو خوف زدہ کر دیا ۔بعد میں محکمہ وائلڈ لائف اور مقامی رضاکاروں و نوجوانوں کی مدد سے اسے قابو میں کر لیا گیا -ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح7 بجے کے قریب یہ ریچھ عبدالرشید وانی کے گھر کے ایک کمرے میں داخل ہوا جسے دیکھ کر تمام افراد خانہ خوفزدہ ہو کر دور بھاگ گئے اور خود کو اس کی دسترس سے بچا لیا ۔ ہمسائیوں کی مدد سے انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور پولیس کو مطلع کیا گیا۔بعد ازاںمحکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار وہاں ساز وسامان لے کر وہاں پر پہنچ گئے جب کہ بٹوت سے جنگلی جانوروں کو بیہوش کر دینے والی رائفل منگا کر اس سے بے ہوشی کے انجکشن فائر کئے گئے۔ ایک مقامی رضاکار تنظیم کے ممبر نے بتایا کہ انجکشن لگانے کے باوجود بھی ریچھ بے ہوش نہیں اور وہاں سے نالہ بشلڑی کی طرف بھاگ نکلا تاہم
8گھنٹے کی سخت کوشش کے بعد اسے 3 بجے کے قریب قابو کر لیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ یہ ریچھ پہلے سے ہی زخمی تھا جس کے بعد یہ نزدیکی رہائشی علاقے میں داخل ہو گیا ۔محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے بعد میں اسے نالے کے نزدیک جال میں پکڑ کر علاج کے لئے بھیج دیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق بنکوٹ ،چانپاڑی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں کم از کم تین سے چار ریچھ کھلے عام آبادی والے علاقوں میں گھومتے نظر آ رہے ہیں جس سے لوگ کافی خوفزدہ ہیں ۔