وزیر اعلیٰ نے ایف ایم ریڈیو سٹیشن کی شروعات کی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اُبھارنے، اُن کے سماجی مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور

جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور زیادہ سے زیادہ استفسارات کے ذریعے سے اُن کے معاملات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ آج یہاں ایک معروف ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کے مقامی سٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کے پاس کافی صلاحتیں موجود ہیں مگر مسئلہ اسے سامنے لانے اور اس کی مارکیٹنگ کرنے کا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ نیا ایف ایم سٹیشن نوجوانوں کو اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم ثابت ہو گا ۔ محبوبہ مفتی نے نوجوانوں کے فوری نوعیت کے معاملات حل کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جن میں ڈرگ ایڈکشن اور بے روز گاری کے مسئلے بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے نوجوانوں کیلئے مزید استفساراتی مجالس کے انعقاد پر بھی زور دیا تا کہ وہ آسانی سے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کر کے کونسلنگ حاصل کرسکیں ۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ نیا ایف ایم سٹیشن نوجوانوں کیلئے نہ صرف تفریح مہیاء کرائے گا بلکہ اس کی بدولت نوجوانوں کی جانکاری میں بھی اضافہ ہو گا ۔ حکومت کی طرف سے کئے جا رہے اختراعی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کھیل اور ثقافتی سرگرمیوں کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ نوجوان ان شعبوں میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ایسے قلیل اور طویل مدتی پروجیکٹ بھی شروع کئے جا چکے ہیں جس سے کارخانہ داری کے سیکٹر کو فروغ حاصل ہو اور نوجوانوں کیلئے روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے بھی دستیاب ہو سکیں ۔