حد متارکہ پر دراندازی کی کوشش فوج نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ،اسلحہ برآمد

Akhnoor: Soldiers take position after militants attacked a General Reserve Engineer Force (GREF) camp near LoC in Akhnoor district of Jammu and Kashmir on Jan 9, 2017. (Photo: IANS)

اڑان نیوز
سرینگر//فوج نے کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش ناکام بناکر اسلحہ و گولی بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد حد متارکہ کے متصل گھنے جنگلات میں ممکنہ طور موجود جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی آپریشن کو مزید وسعت دیتے ہوئے فورسز کی مزید کمک طلب کی گئی ہے۔اس سلسلے میں کپوارہ سے نمائندے نے دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ پیر کی شب کیرن سیکٹر میںکنٹرول لائن کی نگرانی پر مامورفوجی اہلکاروں نے گشت کے دوران خار دار تار کے نزدیک جنگجوئوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی۔دفاعی ذرائع کے مطابق جب فوج نے آس پاس کے علاقہ کو گھیرے میں لے کرجنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی تو جواب میں انہوں نے فوج پر اندھادھند گولیاں چلائیں ۔ دفاعی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ جنگجوئوں کا گروپ لائن آف کنٹرول کے اِس پار آنے کی کوشش کررہا تھا جس پر فوج نے فوری کارروائی عمل میں لائی۔ذرائع نے بتایا کہ گولیوں کے تبادلے کے بعد اگر چہ جنگجوئوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ، تاہم فوج نے جائے واردات سے دو اے کے رائفلوں کے علاوہ4میگزین، گولیوں کے60رائونڈ، ایک پستول اور دیگر گولی بارود برآمد کیا۔سرینگر میں مقیم دفاعی ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کی تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیل فراہم نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا کہ یہ واقعہ کس جگہ پر پیش آیا؟ نمائندے نے دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں اگر چہ گولیاں چلنے کا عمل تھم گیا ہے لیکن فوج کو خدشہ ہے کہ مارے گئے جنگجو ئوںکے دیگر ساتھیوں نے لائن آف کنٹرول کے متصل گھنے جنگلات میں پناہ لے رکھی ہے۔انہیں تلاش کرنے کیلئے فوج کی مزید کمک کی مدد سے وسیع جنگلات کو گھیرے میں رکھا گیا ہے اور آخری اطلاع ملنے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔اس سرچ آپریشن میں خصوصی تربیت یافتہ فوجی اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ دفاعی ترجمان کے مطابق آس پاس کے تمام فوجی یونٹوں کے اضافی اہلکار علاقے کی طرف روانہ کردئے گئے ہیںتاکہ گھنے جنگلات کا محاصرہ مزید سخت کیا جائے ۔ خفیہ ایجنسیوں نے آنے والے دنوں میں جنگجوئوں کی طرف سے دراندازی کی مزید کوششوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ بالائی علاقوں میںکسی بھی وقت برفباری ہوسکتی اور سرحد پار سے زیادہ سے زیادہ مسلح جنگجوئوں کو اِس پار دھکیلنے کی کوشش کی جائے گی ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سرحد پار جنگجوئوں کی ایک بڑی تعداد کو لانچنگ پیڈس پر تیار حالت میں رکھا گیا ہے جو اس بات کا اشارہ ہے کہ مستقبل قریب میں دراندازی کی مزید کوششیں کی جائیں گی ۔ذرائع کے مطابق اس طرح کی کوششوں کو بروقت ناکام بنانے کیلئے دراندازی مخالف گرڈ کو متحرک رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔ان خدشات کے پیش نظر شمالی کشمیرکے سرحدی علاقوں میں فوج نے الرٹ جاری کردیا ہے اور کنٹرول لائن کی نگرانی پر مامور تمام یونٹوں کے اہلکاروں کو چوبیس گھنٹے چوکس رہنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔