جموں کشمیر میں پی ڈی ڈی سکیموں کی تیز تر عمل آوری پر بجلی کے مرکزی وزیر کا زور صد فیصد بستیوں تک بجلی پہنچانے کے پی ایم اقدامات پر کام شدو مد سے جاری: نائب وزیر اعلیٰ

اڑان نیوزاڑان نیوزسرینگر// بجلی کے مرکزی وزیر مملکت آر کے سنگھ نے کل بجلی شعبے میں وزیر اعظم اقدامات کے تحت شروع کی گئی سکیموں کی موثر اور تیز تر عمل آوری کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کا مقصد یہ ہے کہ دسمبر 2018 تک ہر ایک گھر میں بجلی پہنچائی جا سکے ۔ وزیر موصوف ریاست میں بجلی سیکٹر میں شروع کی گئی مختلف سکیموں کی عمل آوری پر ہو رہی پیش رفت کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لے رہے تھے ۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، بجلی کے وزیر مملکت فاروق احمد اندرابی ، بجلی کے مرکزی جوائینٹ سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری پاور جے اینڈ کے کے علاوہ محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ مرکزی وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں مرکزی معاونت والی مختلف سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ افسروں اور عمل آوری ایجنسیوں کو اس حوالے سے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئیے تا کہ دسمبر 2018 تک ہر ایک گھر تک بجلی کی سہولیات پہنچے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی وزارت ریاست کو بجلی کے شعبے میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار بجلی کی پیداوار بڑھانے اور اس کی ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے مناسب رقومات اور دیگر مدد دستیاب کرائے گا ۔ انہوں نے پن بجلی کے ساتھ ساتھ شمسی اور ونڈ توانائی کو بھی بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیموں کو مشن موڈ کے تحت ہاتھ میں لیا جائے گا تا کہ انہیں کامیابی کے ساتھ عملایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیموں کو ایک معیاد بند مدت کے اندر اندر مکمل کرنے کیلئے ریاستی حکومت مرکزی اقدامات کو تقویت بخشے گی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے ہر ایک گھر کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کرانے کے وزیر اعظم کے نظریے کو ایک شفاف طریقے پر عملایا جائے گا تا کہ کوئی بھی بستی یا گاؤں بجلی کی سہولت سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیموں کی عمل آوری میں تیزی لانے کیلئے مرکزی پی ایس یوز کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری پی ڈی ڈی دھیرج گپتا نے اس موقعہ پر ریاست کی بجلی صورتحال اور مختلف سکیموں کی پیش رفت کے بارے میں ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔