دہشت گردوں کے حوصلے پست:راج ناتھ

نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے )نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے سرحد پار سے ہونے والی فنڈنگ اور جعلی کرنسی پر تقریباپوری طرح سے قابو پالیا ہے جس سے دہشت گردوں کے حوصلے پست ہوئے ہیں ۔ راج ناتھ سنگھ نے یہاں این آئی اے کے نئے ہیڈکوارٹر کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ اس ایجنسی نے آٹھ سال کی قلیل مدت میں ہی غیرجانبدارانہ جانچ سے لوگوں کے درمیان اپنی معتبریت اور ساکھ بنائی ہے ۔اس کی معتبریت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے ذریعہ حل کئے گئے 95فیصد معاملوں میں ملزم قصور وار ثابت ہوئے ہیں ۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ جانچ ایجنسی اسی طرح پیشہ وارانہ طریقہ سے کام کرتے ہوئے معتبریت قائم رکھے گی اور اسکی ساکھ اور بہترہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی فنڈنگ میں جعلی کرنسی کی کافی اہمیت ہے اور این آئی اے نے سرحد پار سے جعلی کرنسی کی اسمگلنگ پر روک لگانے میں کافی حد تک کامیابی حاصل کی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس سے دہشت گردی کی فنڈنگ کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور دہشت گردوں کے حوصلے پست ہوگئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ جس طرح سے جانچ ایجنسی کام کررہی ہے اس سے سرحد پار سے آنے والے دھن وسائل پر جلد ہی پوری طرح سے قابو پا لیاجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ این آئی اے نے اب تک 166معاملوں میں سے 137میں خصوصی عدالتوں میں فردجرم داخل کی ہیں جن پر کبھی کسی طرح کا سوال نہیں اٹھایا گیا۔ان میں سے 30معاملوں میں فیصلہ آگیاہے ،جن میں 28میں ملزمان کوقصوروار پایا گیا ہے ۔انھوں نے کہاکہ جانچ ایجنسی نے دہشت گردی کی فنڈنگ کے سلسلہ میں بھی 47معاملے درج کئے ہیں ۔اس کے علاوہ داعش سے جڑے لوگوں کے سلسلہ میں بھی 21معاملے درج کئے گئے ۔ انھوں نے کہاکہ دہشت گردی کسی بھی مہذب قوم کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لیکن ہندستان اس لعنت کا مقابلہ کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔وزیر اعظم نریندرمودی نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اہم ملکوں کی مدد سے دہشت گردی کے مسئلہ کو پرزور طریقہ سے اٹھایا ہے جس سے دہشت گردی کو بڑھاوادینے والے ملکوں پر دباؤبڑھا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے امتحان میں ہندستان پوری طرح سے پاس ہوا ہے ۔۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ این آئی اے نے حال ہی میں ایک دشمن پڑوسی ملک اور تیسرے ملکوں میں رہنے والے ان کے ساتھیوں کی اعانت سے چلنے والی دہشت گردی کی سرگرمیوں کا پردہ فاش کیا تھا اور کشمیر وادی میں دہشت گردی کی فنڈنگ کرنے کے سلسلے میں پکڑ دھکڑ شروع کی تھی۔انہوں نیمربوط کوششوں کے لئے ،جس کے نتیجے میںبہت سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں مدد ملی ، این آئی اے، دیگر سکیورٹی ایجنسیوں ، فوج ، سی اے پی ایف ایس اور ریاستی پولیس فورسز کی اے ٹی ایس کی ستائش کی۔جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں تحقیقات کے سلسلے میں این آئی اے کو مکمل آزادی دے رکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے این آئی اے نے کارروائی کو آگے لے جانے کے لئے وزارت داخلہ کی منظوری حاصل کی تھی لیکن میں نے ہدایت دی کہ وزارت داخلہ کی منظوری کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔اور این آئی اے کارروائی کرنے کے لئے پوری طرح آزاد ہے یہاں تک کہ این آئی اے کے اگلے ڈائریکٹر جنرل کا دو ماہ پہلے ہی تقرر کیا جا چکا ہے جس سے ان کی خوش اسلوبی سے منتقلی کی راہ ہموار ہوگی۔انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی مہذب سماج کے لئے ایک لعنت ہے اور یہ دنیا بھر کے جمہوری ملکوں میں ترقیاتی کوششوں میں روڑا بنی ہوئی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودینے عالمی دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں عالمی برادری کو بیدار کیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ این آئی اے نے اپنے قیام کے مختصر 8 سال کے عرصے میں عام آدمی کا اعتماد اور بھروسہ حاصل کیا ہے۔وہ بہت سے دہشت گردانہ حملوں کی منصفانہ ، ٹھوس اور پیش آور انداز میں تحقیقات انجام دے کر عوام کا دل جیت رہی ہے۔ جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ این آئی اے کی تحقیقات کی وجہ سے 95 فیصد لوگوں کو سزا دلوائی جا سکی ہے۔ جناب راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ مجھے بھروسہ ہے کہ این آئی اے اپنی ساکھ اور پیش آورانہ صلاحیت کو برقرار رکھے گی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے این آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل جناب شرد کمار نے بتایا کہ این آئی اے جلد ہی دسمبر 2017 میں گواہاٹی میں اور جون 2018 میں حیدر آباد میں اپنی نئی علاقائی آفس عمارتوں کا بھی افتتاح کرے گا۔داخلی امور کے وزراء مملکت جناب ہنس راج گنگا رام اہیر اور جناب کرن رجیجو اور سی اے پی ایف ایس کے سربراہان کے علاوہ وزارت داخلہ کے سینئر افسران بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔