بھارت کمزور ملک نہیں پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے ”بے شمار گو“لیاں داغنے کی ہدایت:راج ناتھ

نیوز ڈیسک
نئی دہلی//جموں کشمیر میں ہند پاک سرحدپر روزانہ پانچ چھ جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ فورسز کو ”بے شمار” گولیاں داغ کر پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دہشت گردی سے نمٹنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ایک تقریب کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جموں کشمیر کی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا۔انہوں نے ریاست میں ہند پاک بین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن پر جاری گولہ باری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی ہر روز سرحدوں پر پانچ سے چھ جنگجوؤں کو ہلاک کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنگجو روز دراندازی کی کوشش کرتے ہیں اور بھارتی فوج کی کارروائی میں مارے جاتے ہیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی ایجنسیاں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں جس کا عملی مظاہرہ سرحدی علاقوں میں نظر آرہا ہے۔راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا”ہم نے اپنے سپاہیوں کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ پہلے پاکستانی فوجی پر گولی نہ چلائے ، لیکن اگر پاکستان کی طرف سے فائرنگ کی جاتی ہے تو بے شمار گولیاں چلاکر منہ توڑ جواب دیا جائے“۔انہوں نے پاکستانی فوج پر جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا۔وزیر داخلہ نے ڈوکلام تناز عہ کے بارے میںایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت اب ایک کمزور ملک نہیں ہے بلکہ اس قدر مضبوط ہے کہ وہ اپنے پڑوسی چین کے ساتھ تمام پیچیدہ مسائل حل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔اس ضمن میں ان کا کہنا تھا”بھارت ایک کمزور ملک نہیں ہے، آپ نے دیکھا کہ چین کے ساتھ ڈوکلام تنازعہ کو کس طرح حل کیا گیا؟حالانکہ پوری دنیا میں اس کو ہند چین کشیدگی کے طور پر پیش کیا جارہا تھا“۔انہوں نے کہا”اگر بھارت کمزور ہوتا تو یہ مسئلہ حل نہیں ہوا ہوتا“۔کے ا یم ا ین مانیٹرنگ کے مطابق راجناتھ سنگھ نے مزیدکہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کے معاملے پر اقوام عالم کی سفارشات پر عمل کرکے اس مسئلے کے ساتھ نمٹنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ”دہشت گردی کئی ممالک کےلئے ایک بڑا خطرہ ہے لیکن ہمارے وزیر اعظم نے بین الاقوامی فورموں پریہ معاملہ مضبوطی کے ساتھ اٹھایااوردنیا کے بیشتر ممالک کی سفارشات کو کامیابی کے ساتھ لاگو کیا“۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بہت بڑی معاشی طاقت کے بطور سامنے آرہا ہے اور تیزرفتاری کے ساتھ اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ بھارت مخالف عناصر حساس معاملات کو نشانہ بناکر ملک کی معیشت اور دفاعی مضبوطی کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔