پولیس محکمہ میں کانسٹیبل آسامیوں کی بھرتی کیلئے تحریری امتحان ریاست بھر میں 61امتحانی مراکز پر98فیصد امیدوار شریک ہوئے

الطاف حسین جنجوعہ
جموں/ / محکمہ پولیس میں کانسٹبلوں کی بھرتی کے لئے اتوار کو ریاست بھر میں تحریری امتحان کا انعقاد ہوا جس کے لئے کل 61امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق پولیس کانسٹیبلوں کی اسامیوں کے لئے کل11,8217امیدواروں نے درخواست فارم بھرے تھے جن میں سے 96000امیدواروں نے پہلے مرحلہ کے تحت ریاست بھر میں مختلف مقامات پر فزیکل ٹسٹ میں حصہ لیاتھا ۔ ان میں سے 27844امیدواروں بشمول(1814خواتین) نے تحریری امتحان کے لئے کوالیفائی کیاتھا۔ یہ تحریری امتحان ریاست کے تمام ضلع صدور مقامات پر لئے گئے ۔حکام کے مطابق27844امیدواروں میں سے 27094امیدواروں یعنی98فیصد نے تحریری امتحان میں شرکت کی۔ امتحان کے شفاف انعقاد کے لئے 61 امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات نافذ کر دئے گئے تھے جبکہ 2200 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار وں کو تعینات کیاگیاتھا۔ ڈ ائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی وید نے بتایاکہ پورا بھرتی عمل شفاف طریقہ سے منعقد ہوا اورامیدواروں کی شکایات کو موقع پر ہی حل کیاگیا۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی شخص کی لالچ میں آکر اس کو پیسے وغیرہ نہ دیں کہ وہ اس کو بھرتی کرائے گا۔ ایسا کچھ نہیں ہے اورتمام بھرتی عمل شفاف طریقہ سے انجام دیاگیاہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ وہی امیدوار منتخب ہو گاجوتحریری امتحان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور اس کا میرٹ اچھا بنے گا۔ ڈاکٹر ایس پی ویدنے از خود گرلز ہائر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سری نگر اور گورنمنٹ ڈگری کالج، ہائر سکینڈری سکول بڈگام کا دورہ کرکے وہاں پر امتحان کے شفاف انعقاد کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیئرمین ریکروٹمنٹ بورڈسریندر کمار گپتا،آئی جی پی(ہیڈکوارٹر)، ڈی آئی جی سی کے آر سری نگر غلام حسین بھٹ بھی ڈی جی پی موصوف کے ہمراہ تھے۔