فضائیہ’ مختصرنوٹس ‘پر لڑنے کیلئے تیار:دھنووا

یو این آئی
ہنڈن،غازی آباد//ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ (ایئر چیف مارشل) بی ایس دھنووا نے اتوار کو کہا کہ فضائیہ”’مختصر نوٹس“پرجنگ اور کسی بھی ایمرجنسی حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔ایئر چیف مارشل دھنووا نے اتوار کو یہاں فضائیہ کے بیس پر فضائیہ کی 85ویں سالگرہ کے موقع پر کہا-”ضرورت پڑنے پر ہم ‘مختصر نوٹس’ پر جنگ کیلئے تیار ہیں”۔ایئر چیف مارشل نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ کسی بھی ایمرجنسی اور بحران کے حالات سے مقابلہ کیلئے فضائیہ تیار ہے ۔فضائیہ دفاعی پیداوار کے شعبہ میں ‘میک ان انڈیا’کے تحت سودیسی پیداوار کو بڑھانے کیلئے پر عزم ہے ۔ایئر چیف مارشل نے اس موقع پر فضائیہ کے واحد مارشل ارجن سنگھ کو بھی یاد کیا۔مارشل ارجن سنگھ کا گزشتہ مہینے 101سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔انہوں نے دو دن قبل ارونا چل پردیش میں ایک ہیلی کاپٹر حادثہ میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے فضائیہ کے پانچ اور فوج کے دو جوانوں کوبھی خراج عقیدت پیش کیا۔صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم فضائیہ کے موقع پر جانباز جوانوں اور ان کے کنبوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مودی نے کہا کہ ان افسران اور جوانوں کے عزم و ارادہ کے سبب ہی ہماری فضائی سرحدیں محفوظ ہیں۔اس موقع پر فضائیہ کے جوانوں نے شاندار پریڈ میں مارچ پاسٹ کیا۔فضائیہ کے سبھی اہم جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے اپنی طاقت اور حیرت انگیز کرتب کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مال بردار طیاروں اور فضائیہ کے پرانے بیڑے کے طیاروں نے بھی اپنے جوہر دکھائے ۔