کرن رجیجو 2 روزہ دورے پر سری نگر پہنچے کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ حاصل کی

یو این آئی
سری نگر//مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو کو ہفتہ کے روز یہاں وادی کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ رجیجو جو کشمیر کے 2 روزہ دورے پر آئے ہوئے ہیں، کو گذشتہ دنوں سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نذدیک واقع 182 بٹالین بی ایس ایف کیمپ پر ہوئے فدائین حملے سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ وزیر موصوف دراصل شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس میں معروف گلو کار عدنان سمیع خان کا ہفتہ کی شام کو ہونے والے کنسرٹ میں شرکت کے لئے کشمیر آئے ہیں۔ مذکورہ کنسرٹ کا انعقاد ’وزارت داخلہ ہند‘ اور ’جموں وکشمیر حکومت‘ مشترکہ طور پر کررہی ہیں۔ اس کے انعقاد کا مقصد کشمیر کے سیاحتی شعبے اور ثقافت کو فروغ دینا ہے۔ رجیجو نے ہفتہ کی صبح مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’سری نگر جارہا ہوں۔ کشمیر ثقافت، میوزک، آرٹ اور سیاحت کے لحاظ سے ایک انتہائی خوبصورت جگہ ہے۔ میں وہاں عدنان سمیع کے کنسرٹ میں شرکت کروں گا‘۔ بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وزیر مملکت برائے داخلہ ہفتہ کی صبح 8 بجکر 35 منٹ پر سری نگر پہنچے۔ انہوں نے بتایا ’بی ایس ایف کی انسپکٹر جنرل (آئی جی) برائے کشمیر سونالی مشرا نے رجیجو کا یہاں پہنچنے پر استقبال کیا‘۔ ترجمان نے بتایا ’گارڈ آف آنر پیش کئے جانے کے بعد وزیر داخلہ کو کشمیر کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اور 3 اکتوبر بی ایس ایف کیمپ پر ہوئے خودکش حملے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی‘۔