اکھنور میں فوجی کیمپ پر حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ مشتبہ نقل و حرکت کے بعد تلاشی آپریشن ، آئی ای ڈی و بارودی سرنگیں بر آمد

جموں //فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اکھنور میں فوجی کیمپ پر حملہ کرنے کے منصوبے کو ناکام بنا تے ہوئے بارودی مواد بر آمد کیا ہے ۔ یہاں پر ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ 4اور 5اکتوبر کی درمیانی رات کو فوج نے اکھنور کے فوجی کیمپ کے قریب مشتبہ نقل و حرکت دیکھی جس کے بعد آس پاس کے علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران نزدیکی جنگل سے ایک آئی ای ڈی ، 2 بارودی سرنگیں ، سیکورٹی فورسز کے بیگ اور دوسرا سامان برآمد کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ بیگ سے سابقہ سویت یونین دور کا جموں کشمیر کا نقشہ ، کچھ جعلی سیکورٹی بیجز اور کچھ کاغذات پائے گئے جن پر اردو زبان میں کچھ لکھا ہواہے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق بارودی سرنگیں ممکنہ طور علاقے میں قائم کسی حساس فوجی ٹھکانے کو نشانہ بنانے کیلئے چھپائی گئی تھیں۔ ا س علاقہ کو پوری طرح سیل کرکے مزید تلاشی کارروائی جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اکھنور میں رہائشی علاقوں کی ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی فوج کو متحرک کیا گیا ہے ۔