پونچھ سیکٹر میں گولہ باری کا تازہ دور 3فوجی اہلکار زخمی ، پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں 2بچوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات

پرتپال سنگھ
پونچھ // ضلع پونچھ میں حدِ متارکہ پر بدھ وار کو بھی بھارتی و پاکستانی فوج کے درمیان زبر دست گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میںناگا یونٹ سے وابستہ 3اہلکار زخمی ہو گئے ۔ اس دوران پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ وہاں 2بچے جاںبحق جب کہ 5افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔ یہاں پر محکمہ دفاع کے ذرائع نے پاکستانی فوج پر فائر بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر تے ہو ئے بتایا کہ بدھ کی صبح ساڑھے 8 بجے پاکستانی فوج کی654مجاہدین یونٹ نے بلا اشتعال دیگوار علاقہ میں بھارتی چوکیوں پر چھوٹے و آٹو میٹک ہتھیاروں سے فائرنگ کرنے کے علاوہ مارٹر شیلوں کی بارش کر دی ۔ اس دوران کئی رہائشی بستیاں بھی آ گئیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوج کی درگا، ڈیماما، این کے کمپلیکس اور لنگور پوسٹوں سے بھر پور جواب دیا گیا ۔ گولہ باری کا یہ سلسلہ دوپہر 12بجے تک جاری رہا جس کے دوران پاکستان کی کئی چوکیوں کو نقصان پہنچایا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس دوران2رجمنٹ سے وابستہ 3اہلکار زخمی ہو گئے جن کی شناخت نائیک ریپالے امپا عمر 31سال،سپاہی کیا کا زہمیو عمر 29سال اور لانس نائیک لیجاتھنگ لوتھا عمر30زخمی ہو گئے ۔ اس دوران پاکستان نے الزام عائد کیا کہ بھارتی فوج کی گولہ بگاری سے 2بچے جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ 5افراد زخمی ہو ئے ہیں ۔اسلام آباد میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر دیہی آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے گولہ باری کی او۵ر 2 بچوں کو جاں بحق کردیا جب کہ یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں3 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر کاکوٹا، شفر، سیریاں اور نارا کوٹ کی دیہی آبادی پر مارٹر گولے داغے اور شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ان میں سے کچھ مارٹر گولے شفر گائوں میں سخی کیانی نامی شخص کے گھر پر لگے جس کے نتیجہ میں2 بچے جاں بحق ہوگئے۔واضح رہے کہ پیر کے روز پونچھ کے دیگوار ، شاہ پور ، قصبہ ، کیرنی اور دیگر علاقوں میں آر پار گولہ باری کی زد میں آکر ایک 10سالہ لڑکا اور ایک 15سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 13کے قریب دیگر افراد زخمی ہو ئے تھے ۔ گزشتہ روز بالا کوٹ سیکٹر میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار اس وقت ہلاک ہو گیا تھا جبکہ بقول محکمہ دفاع پاکستانی فوج نے سنیپر فائرنگ کی تھی ۔ پونچھ سیکٹر میں پچھلے دو روز کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کا یہ چوتھا واقعہ ہے ۔